Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2023 01:27pm

عمران خان پر حملہ کیس میں درخواست گزار پولیس افسر کا انتقال

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے حملے کے خلاف دائر مقدمے میں مدعی پولیس افسر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خاندانی ذرائع نے بتایا کہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) وزیرآباد پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر عامر شہزاد بھدر گجرات کے قصبے کھاریاں کے قریب اپنے آبائی گاؤں بھدر میں اپنے گھر میں موجود تھے جہاں ان کی طبیعت ناساز ہوئی۔

انہیں کھاریاں کمبائنڈ ملیٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 35 سالہ مرحوم پولیس افسر نے اہلیہ اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے۔

پولیس افسر کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں ضلعی انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں، پولیس افسران اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سب انسپکٹر عامر شہزاد بھدر کو اتوار کی رات گئے گاؤں بھدر کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

خیال رہے کہ سب انسپکٹر عامر شہزاد بھدر 2 نومبر 2022 کو پنجاب کے شہر وزیرآباد میں عمران خان کی ریلی پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے خلاف درج مقدمے میں درخواست گزار تھے۔

عمران خان پر حملے کے وقت وہ وزیرآباد کے صدر پولیس اسٹیشن میں ایس ایچ او تھے اور اس وقت سے صدر پولیس اسٹیشن میں تعینات تھے جہاں انہیں مذکورہ واقعے سے ایک روز قبل تعینات کیا گیا تھا۔

Read Comments