پاکستان رینجرز سندھ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو مبینہ طور پر کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔

ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کراچی پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جو شہر کے علاقوں صدر، منگھوپیر اور بنارس میں مبینہ طور پر بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک تاجر نے شکایت درج کرائی تھی کہ انہیں مختلف افغانی اور پاکستانی فون نمبروں سے کالیں موصول ہو رہی ہیں، جن میں بھتے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ملزمان جن کی شناخت عبدالقادر اور محمد کمال خان کے نام سے ہوئی ہے، وہ افغانستان میں مقیم کالعدم ٹی ٹی پی کے ’دہشت گرد افسر‘ خان عرف ارشد کی ہدایت پر بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں کرتے تھے۔

پریس ریلیز کے مطابق ملزمان کا گروہ کراچی کے مقامی تاجروں کے نمبر خان عرف ارشد کو دیتا تھا اور بھتے کی رقم لے کر پڑوسی ملک بھیجتا تھا، مزید بتایا گیا کہ وہ ان لوگوں کو ’قتل یا زخمی‘ کرتے تھے، جو بھتے کی رقم دینے سے انکار کرتے تھے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے 5 مقامی تاجروں کے نمبر شیئر کرنے، بھتے کی پرچیاں بھیجنے اور رقم دینے سے انکار پر 2 تاجروں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، مزید بتایا کہ دونوں مشتبہ افراد کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں