کھیل

آئی سی سی ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی، سوریا کمار یادو اور حارث رؤف پر جرمانہ، صاحبزادہ فرحان کو وارننگ

بھارتی کپتان کو 14 ستمبر کے میچ میں سیاسی بیانات، فاسٹ باؤلر کو 21 ستمبر کے مقابلے میں فینز کی جانب اشارے کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا، اوپنر بیٹر کو تنبیہ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر جرمانہ عائد کر دیا ہے جب کہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی پیسر حارث رؤف کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30،30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کو 14 ستمبر کو کھیلے گئے پاک-بھارت میچ کے بعد سیاسی بیانات دینے پر آئی سی سی نے جرمانہ عائد کیا، آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سماعت کے بعد بھارت کے کپتان کو جرمانہ کی سزا دی، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے فیصلے کے خلاف اپیل جمع کروا دی ہے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر 21 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے پاک-بھارت میچ کے دوران فینز کی جانب اشارے کر نے پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ صاحبزادہ فرحان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا، انہیں صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوریا کمار یادو کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف آئی سی سی کو ای میل کی تھی، تینوں کھلاڑیوں نے اپنے خلاف عائد الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔

21 ستمبر کو ہونے والے سپر فور میچ میں صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری کے بعد بندوق چلانے کے انداز میں جشن منایا تھا، جب کہ حارث رؤف کو شائقین کی جانب جہاز گرانے کے اشارے کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

قبل ازیں، ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سماعت کی، اس موقع پر پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ بھی موجود رہے۔

ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث روف سے 0-6 کا مطلب پوچھا، حارث رؤف نے الٹا میچ ریفری سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں 0-6 کا مطلب کیا ہے جس پر اعتراض ہے ؟

ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف سے اشارے بار بار کرنے کی وجہ پوچھی، حارث رؤف نے جواب دیا کہ کسی کی دل آزاری کے لیے اشارے نہیں کیے۔

ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ سیلیبریشن کا مقصد کسی کو ٹارگٹ کرنا نہیں تھا۔

یاد رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے جانے والے پاک-بھارت میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا بلکہ انہوں نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن اور پریس کانفرنس میں کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے یہ تحفہ ہے‘۔

جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے شکایت کی تھی سوریا کمار یادو کے سیاسی بیانات آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔

بھارت نےجینٹلمین گیم کرکٹ کو داغدار کر دیا، میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار

بھارتی کپتان کا سیاسی بیان ان کے گلے پڑ گیا، آئی سی سی کا کارروائی کا عندیہ

پاکستان کرکٹ میں حریف نہیں رہا، ہماری جیت کا تناسب 1-10 ہے، بھارتی کپتان