بھارتی کرکٹ ٹیم کی ہٹ دھرمی، ایشیا کپ کی ٹرافی محسن نقوی سے لینے سے انکار کردیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کھیل میں سیاست لانے سے باز نہیں آئی، بھارتی ٹیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ فائنل کی ٹرافی محسن نقوی سے لینے سے انکار کر دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق بھارتی ٹیم کی جانب سے صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار پر محسن نقوی بھی ڈٹ گئے، جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم کسی اور آفیشل سے بھی ٹرافی وصول نہ کر سکی۔
بھارتی ٹیم کے ہٹ دھرمی کے باعث ایونٹ کی اختتامی تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم تقریب کے دوران پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز وصول کیے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں نے اسٹیج کی جانب آنے سے انکار کر دیا۔
تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے اس دوران بتایا کہ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی، جب کہ اس سے قبل ہی ٹرافی کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 146 رنز بنائے، بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے جانے والے پاک-بھارت میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا بلکہ انہوں نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن اور پریس کانفرنس میں کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے یہ تحفہ ہے‘۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر آئی سی سی کو شکایت کی، جس پر میچ ریفری رچی رچرڈ سن نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کے سیاسی بیانات کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف قرار دیتے ہوئے انہیں میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔