لاہور: ہندوستان نے پاکستان سے جانے والی سمجھوتہ ایکسپریس سروس کو معطل کرنے کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد بحال کردیا۔

ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انور نے ڈان کو بتایا کہ ہندوستان نے پیر کے روز کیلئے پاکستان سے انڈیا جانے والی سمجھوتہ ایکسپریس سروس کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ہندوستانی حکام نے سیکیورٹی کو جواز بنا کر کہا تھا کہ انڈیا کے مختلف شہریوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹرین سروس پیر کیلئے معطل کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاک-ہند کشیدہ تعلقات، دوستی بس سروس کو شدید دھچکا

ہندوستانی حکام کا کہنا تھا کہ ٹرین سروس دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی پر ہونے والے احتجاجی سلسلوں کی وجہ سے معطل کی گئی۔

تاہم سمجھوتہ ایکسپریس کو معطل کرنے کے اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد ہندوستان نے پاکستان ریلوے حکام سے دوبارہ رابطہ کیا اور انھیں بتایا کہ انڈیا کے مختلف علاقوں میں کسانوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا تھا، جس کے وجہ سے ریلوے سروس معطل کی گئی تھی تاہم اب صورت حال قابو میں ہے۔

جاوید انور نے ڈان کو دوبارہ رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہندوستانی حکام نے ایک مرتبہ پھر رابطہ کرکے بتایا ہے کہ اب اس صورت حال پر قابو پالیا گیا ہے اور ساتھ ہی بتایا کہ پیر کے روز کیلئے سمجھوتہ ایکسپریس سروس کو بحال کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سمجھوتہ ایکسپریس 25 فروری کو بحال ہونے کا امکان

یاد رہے کہ 23 فروری 2016 کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ملتوی ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس سروس 25 فروری 2016 کو بحال کردی گئی تھی۔

اس سے قبل 5 ماہ قبل اکتوبر 2015 میں بھی سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس معطل ہو گئی تھی، اس وقت ہندوستانی ریاست پنجاب میں کسانوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا اور انہوں نے باقاعدہ ریل روکو تحریک چلائی تھی، اسے 15 روز بعد بحال کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کا آغاز 22 جولائی 1976ء کو ہوا، یہ ایک بین الاقوامی ٹرین ہے جو لاہور (پاکستان) اور دہلی (ہندوستان) کے درمیان ہفتہ میں دو بار چلتی ہے۔

مزید پڑھیں: سمجھوتہ ایکسپریس 7 روز بعد ہندوستان روانہ

سمجھوتہ ایکسپیریس کئی بار دہشت گردی کا بھی شکار ہو چکی ہے، 2007 میں اس ٹرین میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 68 مسافر ہلاک ہوگئے تھے.

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ میں ماہ سے پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں جس کی وجہ جموں و کشمیر میں انڈین آرمی کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم ہیں، جن میں گذشتہ 75 روز میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو فوری روکنے کیلئے عالمی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے جواب میں ہندوستان نے جموں و کشمیر میں ہونے والے مبینہ دہشت گردی کے حملوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹہرایا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں