لاہور: پاکستان ریلویز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گزشتہ روز ملتوی ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس سروس 25 فروری کو بحال ہوجائے گی۔

تاہم پاکستان کے محکمہ سیاحت کے لاہور دفتر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس ہندوستانی حکام کی کلیئرنس کے بعد بحال کی جائے گی۔

واہگہ اور اٹارری کے درمیان چلنے والی بین الاقوامی ٹرین کے انتظامات کے ذمہ دار پاکستان ریلوے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'ہندوستانی ریلوے حکام نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ایک ہزار مسافروں کو دہلی سے چھتیس گڑھ پہنچانے کے لیے اتر پردیش روٹ پر ایک خصوصی ٹرین چلارہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: ہندوستان میں پرتشدد احتجاج کے دوران 19 ہلاکتیں

خیال رہے کہ رواں ہفتے پیر کے دن پاکستان سے ہندوستان جانے کے لیے مسافروں کی تعداد 200 تھی۔

پاکستان ریلویز کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'پیر کے روز کے لیے جن مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے تھے وہ آئندہ کسی بھی روز کے لیے مؤثر رہیں گے'۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 500 مسافروں کی گنجائش موجود ہے۔

واضح رہے کہ سمجھوتہ ٹرین سروس ہندوستانی ریاست ہریانہ میں جاری جاٹ برادری کے پُرتشدد مظاہروں کے دوران سیکیورٹی کے باعث ملتوی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہلی میں پرتشدد احتجاج، پانی کا شدید بحران

ہندوستانی ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے پرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 19 تک جاپہنچی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں مظاہرے اب بھی جاری ہیں۔

کئی دنوں سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے ریلوے اسٹیشنز اور کار شورومز جلا دیئے، جبکہ رابطہ سڑکیں بلاک کیے جانے کی وجہ سے ریاست کے معاشی نظام کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔

یہ خبر 23 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں