سمجھوتہ ایکسپریس 7 روز بعد ہندوستان روانہ

15 اکتوبر 2015
سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس ایک ہفتے سے معطل تھی ... فائل فوٹو
سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس ایک ہفتے سے معطل تھی ... فائل فوٹو

لاہور: پاکستان سے ہندوستان کے لیے سمجھوتہ ایکسپریس کی 7 روز قبل معطل ہونے والی سروس بحال ہو گئی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس لاہور ریلوے اسٹیشن سے 192 مسافروں کو لے کر ہندوستان روانہ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : سمجھوتہ ایکسپریس واہگہ بارڈر سے واپس

ایک ہفتے سے اپنے ملک جانے کے منتظر ہندوستانی شہریوں کا کہنا تھا کہ شکر کر رہے ہیں کہ سفر کی اجازت مل گئی، کافی مشکل میں تھے جبکہ درست معلومات بھی نہیں مل رہی تھیں۔

پاکستان ریلوے کے مطابق ہندوستان جانے والے مسافروں کو مکمل سیکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ریلوے کے ٹراسپورٹیشن آفیسر ملک قمر کا کہنا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس روانہ کرنے کی اجازت نہیں مل رہی تھی اور اب اجازت مل گئی ہے تو سیکیورٹی کے پورے انتظامات کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس 192 مسافروں کو لے کر ہندوستان روانہ ہوئی ہے، ان مسافروں میں 122 ہندوستان شہری جب کہ 70 پاکستانی ہیں۔

ہندوستانی پنجاب میں کسانوں کےاحتجاج کے باعث ہندوستان نےٹرین سروس معطل کر دی تھی۔

ایک ہفتہ قبل سروس اچانک معطل کرنے پر پاکستانی دفتر خارجہ نے ہندوستان کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر رگو رام کو طلب کرکے سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ہندوستان میں ریل روکو تحریک ختم، سمجھوتہ ایکسپریس بحال

کسانوں نے گزشتہ روز 'ریل روکو تحریک' ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستانی سرحد کے ساتھ متصل ہندوستانی پنجاب میں ٹرین سروس بحال ہو سکی اور پاکستان سے ہندوستان جانے کے لیے سمجھوتہ ایکسپریس کو جانے کی اجازت دی گئی

خیال رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کا آغاز 22 جولائی 1976ء کو ہوا، یہ ایک بین الاقوامی ٹرین ہے جو لاہور (پاکستان) اور دہلی (ہندوستان) کے درمیان ہفتہ میں دو بار چلتی ہے۔

سمجھوتہ ایکسپیریس کئی بار دہشت گردی کا بھی شکار ہو چکی ہے، 2007 میں اس ٹرین میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 68 مسافر ہلاک ہوگئے تھے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں