فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:اظہرمحمود

26 مارچ 2017
اظہرمحمود کو گزشتہ سال ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم فیس بک
اظہرمحمود کو گزشتہ سال ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم فیس بک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہرمحمود کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل کیمپ میں عمراکمل سمیت تمام کھلاڑیوں پر واضح کردیا گیا تھا کہ بہتر فٹنس ہی ٹیم میں انتخاب کا باعث ہوگی۔

کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کو اپنے ایک مضمون میں اظہر محمود نے ٹیم کے لیے فٹنس کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ماضی کے برعکس اب فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس کا ادراک تمام کھلاڑیوں کو ہونا چاہیے بالخصوص ان کے لیے جو بین الاقوامی کرکٹ میں نئے نہیں ہیں'۔

اظہرمحمود کا کہنا تھا کہ 'میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہمارے کیمپ میں فٹنس ٹیسٹ مشکل تھا لیکن بشمول عمر اکمل سب کو واضح پیغام تھا کہ اگر آپ فٹ نہیں ہیں تو آپ کو منتخب نہیں کیا جائے گا'۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنے والے بلے باز عمر اکمل کو ناقص فٹنس کے باعث ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:پہلا میچ سیریز کا تعین کرے گا:سرفراز

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ 'یہ بدقسمتی تھی کہ عمراکمل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں وہ باہر ہوگئے لیکن کوئی غلطی نہیں ہوئی کیونکہ بطور اچھے بلے باز کے ان کی صلاحیت پر کوئی شک نہیں ہے'۔

فٹنس کو آج کی کرکٹ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'یہ معمول کی بات لگتی ہے لیکن آج کے کھیل میں فٹنس بنیاد ہوتی ہے اس کا اثر فیلڈنگ کو بہتربنانے میں معاون ہوتا ہے جو نہ صرف رنز کو بچانے کے لیے اہم ہے بلکہ وکٹوں کے درمیان رنز بنانے کی رفتار کے لیے بھی ضروری ہے جس کی مدد سے زیادہ رنز بنا پاتے ہیں'۔

اظہرمحمود نے کہا کہ 'اگر آپ ہماری ٹیم کی فٹنس کاموازنہ جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا سے کریں گے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ اسی کی وجہ سے ہم 40 سے 50 رنز پیچھے ہوتے ہیں یہاں تک کہ میچ کی پہلی گیند سے ہی یہی صورت حال ہوتی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز قسمت بدلنے کا خواہاں

باؤلنگ کوچ نے گزشتہ دورہ نیوزی لینڈ میں خراب باؤلنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے محمد عامر اور وہاب ریاض کو ایک عام اور فتح گر کارکردگی کے فرق سے آگاہ کر دیا ہے اب ان پر ہے کہ وہ اس تنقید کو مثبت لیں اور میچ ونر بننے کے لیے بہتری لائیں'۔

اظہر محمود نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ' اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان کے پاس تاریخ میں پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا بہترین موقع ہوگا'۔

سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ میں شکست دینے اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنی درجہ بندی کو بہتر کرنے کا بہترین موقع اور اس دوران ہمیں اعلیٰ سطح کی فٹنس برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز برج ٹاؤن میں ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کے بعد ایک روزہ سیریز ہوگی جس میں 3 میچ کھیلے جائیں گے اور آخر میں ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں