پاکستان میں سال نو کی پہلی انسداد پولیو مہم کا کل سے آغاز

07 جنوری 2024
پولیو ٹیمیں ملک کے تمام 159 اضلاع میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیو ٹیمیں ملک کے تمام 159 اضلاع میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں مختلف دورانیے کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے سال نو کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر سے ہو گا۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق مہم کے دوران محکمہ صحت کی پولیو ٹیمیں ملک کے تمام 159 اضلاع میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

صوبہ پنجاب میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

محکمہ صحت نے اس حوالے سے صوبے میں لاہور، فیصل آباد اور ملتان کو حساس ترین شہر قرار دیا ہے۔

صوبہ سندھ میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً ایک کروڑ 30 ہزار جبکہ خیبرپختونخوا میں پانچ روزہ مہم کے دوران 74لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

سال نو کی پہلی پولیو مہم کے حوالےسےنگراں وزیرصحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد کراچی میں قائم اربن ہیلتھ سینٹر لانڈھی اور ضلع کورنگی سے پولیو مہم کا افتتاح کریں گے۔

بلوچستان میں ہفت روزہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 25 لاکھ سے زائد بچوں جبکہ گلگت بلتستان میں مہم کے دوران دو لاکھ پچاس ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر پولیو ٹیم کسی گھر کا دورہ نہیں کرتی ہیں تو والدین ہیلپ لائن 1166 تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس پولیو مہم کا آغاز ایک ایسے موقع پر ہونے جا رہا ہے جب ایک روز قبل ہی پاکستان کے مختلف اضلاع سے اکٹھا کیے گئے 14 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے بتایا تھا کہ پشاور کے تین، حیدر آباد کے دو اور کراچی شرقی کے دو نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ کراچی وسطی، کیماڑی اور غربی کے ایک، ایک نمونے میں بھی وائرس پایا گیا۔

ان کا کہنا تھا اس کے علاوہ سکھر، کوئٹہ، کوہاٹ اور اسلام آباد کے بھی ایک ایک نمونے میں پولیو وائرس رپورٹ ہوا۔ ترجمان ساجد شاہ کے مطابق تمام نمونوں میں پایا جانے والا پولیو وائرس سرحد پار سے آیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں