پیپلز پارٹی کا سندھ بھر میں اظہار تشکر ریلیاں نکالنے اور جشن منانے کا اعلان

شائع April 24, 2025
— فائل فوٹو: اسکرین شارٹ
— فائل فوٹو: اسکرین شارٹ

پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے متنازع کینالوں کے منصوبے پر کام بند کرنے کے اعلان پر سندھ بھر کے تمام اضلاع سے لے کر تمام تحصیلوں کی سطح تک مسلسل تین دن تک اظہار تشکر ریلیاں نکالنے اور جشن منانے کا اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) اجلاس میں فیصلہ ہونے تک کوئی نئی نہر نہیں بنیں گی، طے کیا ہے کہ سی سی آئی اجلاس 2 مئی بروز جمعہ بلایا جارہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایک بیان میں پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کینالوں کے منصوبے پر کام بند کرنے کا اعلان متنازع کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کے موقف کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھ بھر میں اضلاع سے لے کر تحصیل سطح تک تمام تنظیمی عہدیداران و زمہ داران کل سے مسلسل تین دن ضلعی اور تحصیل سطح پر کینال منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی کے مؤقف کی کامیابی پر اظہار تشکر ریلیاں نکالیں اور جشن منائیں۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ متنازع کینالوں کے منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کی جدوجہد کی وجہ سے وفاقی حکومت کو سندھ کا موقف تسلیم کرنا پڑا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ سی سی آئی میں بھی سندھ کا بھرپور مقدمہ لڑے گی اور متنازع کینالوں کے منصوبے کو ختم کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شھید محترمہ بینظیر بھٹو نے کالاباغ ڈیم منصوبہ ختم کرایا تھا اور اب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف سندھ کے مؤقف کو تسلیم کرایا ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کینالوں کا مسئلہ صرف پانی کا مسئلہ نہیں سندھ کے وجود کا مسئلہ ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ کے وجود کو بچانے کے لیے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025