پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بارش کے باعث ڈرا

شائع May 1, 2025
— فوٹو: پی ایس ایل
— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 11.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے جس کے بعد بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا۔

اس سے قبل، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخرزمان کھاتہ کھولے بغیر ہی پہلے اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے۔

تاہم، محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے 102 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے 29، 29 گیندوں پر نصف سینچریاں اسکور کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد عامر کی جگہ محمد ذیشان کو موقع دیا ہے۔

لاہور قلندرز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے والی پلینگ الیون کو ہی میدان میں اتارا ہے۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، لاہور قلندرز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

علاوہ ازیں، کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پشاور زلمی 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ملتان سلطانز صرف 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025