یورپی رہنماؤں نے یوکرین میں 30 روزہ جنگ بندی کیلئے امریکی منصوبے کی حمایت کردی

شائع May 11, 2025
کریملن کے ترجمان نے کہا کہ یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی فوجی امداد کو روکنا ضروری ہوگا
—فوٹو: ایکس
کریملن کے ترجمان نے کہا کہ یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی فوجی امداد کو روکنا ضروری ہوگا —فوٹو: ایکس

یورپی رہنماؤں نے یوکرین میں 30 روزہ جنگ بندی کے لیے امریکی منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے روس کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ اس پر عمل نہیں کرتا تو اس کے خلاف ’بڑی پابندیاں‘ عائد کی جائیں گی، کریملن نے ہفتے کو یورپی ممالک پر متضاد اور متصادم بیانات دینے کا الزام لگایا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان دیمیتری پیسکوف کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم یورپ سے متضاد بیانات سنتے ہیں، یہ تعلقات کی بحالی کے بجائے متصادم نوعیت کے ہوتے ہیں، جس سے کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔

یوکرین اور یورپی رہنماؤں نے ہفتے کے روز بغیر کسی شرط کے 30 دن کی جنگ بندی پر اتفاق کیا، یہ جنگ بندی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے ساتھ 12 مئی سے شروع ہوگی، جنہوں نے صدر ولادی میر پوٹن کو جنگ بندی پر عمل نہ کرنے کی صورت میں نئی بڑی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔

امریکا کے جنگ بندی کے منصوبے کی حمایت کا یہ اعلان برطانیہ، فرانس، جرمنی، پولینڈ اور یوکرین کے رہنماﺋوں نے کیف میں ایک اجلاس کے بعد کیا، جس کے بعد انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ فون پر بات کی، امریکی صدر، جو تیز رفتاری کے ساتھ امن چاہتے ہیں، انہوں نے اس اقدام کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ہم سب امریکا کے ساتھ مل کر پیوٹن کو خبردار کر رہے ہیں کہ اگر وہ امن کے بارے میں سنجیدہ ہیں، تو ان کے لیے اس کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے، اب مزید اگر مگر نہیں، مزید شرائط اور تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے اور یورپی رہنماؤں نے متفقہ طور پر یہ طے کیا کہ پیر 12 مئی سے ایک غیر مشروط جنگ بندی شروع ہونی چاہیے، جس میں فضا، سمندر اور زمینی جنگ بندی شامل ہونی چاہیے، اگر ماسکو انکار کرتا ہے تو اسے نئی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا، جن میں اس کے توانائی اور بینکنگ کے شعبوں کو نشانہ بنانے والے سخت اقدامات شامل ہیں۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ’اے بی سی‘ نیوز سے گفتگو میں کہا کہ روس 30 روزہ جنگ بندی کی حمایت کرتا ہے، تاہم یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی فوجی امداد کو روکنا ضروری ہوگا تاکہ عارضی جنگ بندی ہوسکے، ورنہ یہ جنگ بندی یوکرین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025