Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 مئ 2016 10:36am

جماعت الدعوۃ کےزیراہتمام ملامنصورکی غائبانہ نماز جنازہ

پشاور: جماعت الدعوہ کے زیر اہتمام پشاور میں افغان طالبان کے امیر ملا منصور کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کیا گیا جنہیں کچھ روز قبل امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔

جماعت کے صوبائی ترجمان غازی انعام اللہ کے مطابق پشاور میں نماز جنازہ جامع مسجد و مرکز خیبر میں قاری نصیر کی امامت میں ادا کیا گیا۔

مزید پڑھیں: براک اوبامانے ملامنصورکی ہلاکت کی تصدیق کردی

اس کے علاوہ جماعت الدعوہ کے زیر اہتمام پشاور کے فوارہ چوک پر ڈرون حملے کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی جو پشاور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا۔

یاد رہے کہ 21 مئی کو بلوچستان کے ایک دوردراز علاقے میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں طالبان سربراہ ملا اختر منصور ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد طالبان نے مولوی ہیبت اللہ کو اپنا نیا امیر منتخب کیا۔

ملا منصور کو ملا عمر کی ہلاکت کی خبروں کے بعد طالبان کا امیر مقرر کیا گیا تھا۔ فائل فوٹو۔

یہ بھی پڑھیں: 'ہیبت اللہ کانام دہشت گردوں کی فہرست میں نہیں'

واقعے کے پانچ دن بعد گزشتہ روز پاکستان نے بھی طالبان رہنما کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ، 'تمام اشارے اسی جانب ہیں کہ مرنے والا شخص ملا اختر منصور ہی تھا، تاہم ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔'

مزید جانیں: 'ملامنصور ہلاک'، پاکستان کی 5 دن بعد تصدیق

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک لاش کسی کے حوالے نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق امریکی صدر باراک اوباما اور افغان طالبان بھی کرچکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments