Dawn News Television

شائع 19 مئ 2017 07:21pm

فیس بک تمام ایپس کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کیلئے تیار

فیس بک نے گزشتہ سال سب سے بڑی تبدیلی اپنے لائیک بٹن ری ایکشنز کے ذریعے کی تھی اور اس برس وہ انسٹاگرام اور میسنجر کو اپنی ایپ کے ساتھ ملانے والی ہے۔

جی ہاں فیس بک نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے جس میں وہ اپنی تمام ایپس کو اکٹھا کرنے کا تجربہ کررہی ہے۔

ٹیک کرنچ نے اس فیچر کو سب سے پہلے دیکھا جو کہ آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کی محدود تعداد کو دستیاب ہے جس میں فیس بک کی تمام ایپس یعنی فیس بک، میسنجر اور انسٹاگرام کو ایک جگہ اکٹھا کیا جارہا ہے۔

یہ بیشتر سوشل میڈیا صارفین کے لیے اچھا اقدام ہے جو انہیں فوری طور پر مختلف ایپس میں اپنی پروفائلز میں فوری رسائی کا موقع دے گا اور ہر بار نوٹیفکیشن ملنے پر الگ الگ ایپس کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں : فیس بک ری ایکشنز اب کمنٹس میں بھی دستیاب

اس فیچر میں اوپر دائیں جانب آپ کی پروفائل تصویر پر کلک کرنے پر آپ تمام ایپس کے نوٹیفکیشن دیکھ سکیں گے، جیسا آپ نیچے تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں۔

اسکرین شاٹ

جب آپ نوٹیفکیشن پر کلک کریں گے تو ایک نیا مینیو کھلے گا جس میں انسٹا گرام، میسنجر اور فیس بک نوٹیفکیشنز الگ الگ پروفائل امیجز کے ساتھ نظر آئیں گے جن پر کلک کرکے آپ کسی بھی ایپ پر جاسکیں گے۔

اسکرین شاٹ

فیس بک ترجمان نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ' ہم چھوٹے پیمانے پر ایک تجربہ کررہے ہیں جس کے ذریعے صارفین کے لیے اپنی ایپس کے نوٹیفکیشنز دیکھنا اور لوگوں سے رابطے کرنا آسان ہوجائے گا، ہم ایسے ذرائع کی جانچ کررہے ہیں جن سے لوگوں کے لیے فیس بک، میسنجر اور انسٹاگرام اکاﺅنٹس کے درمیان سوئچ کرنا آسان ہوجائے'۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک اشتہارات سے نجات کیسے ممکن؟

اور فیس بک کا تو یہی سادہ سا خیال ہے کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ وقت اپنی ایپس پر گزارنے پر مجبور کیا جائے، وہ جتنا لوگوں سے رابطے میں رہیں گے، اتنے ہی زیادہ اشتہارات بھی ملیں گے۔

Read Comments