بولی وڈ اداکارہ تاپسی پنو جن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہارر فلم ’گیم اوور‘ نے کوئی اچھی کمائی نہیں کی، تاہم ان کی جلد آنے والی بائیوگرافی فلم ’سانڈ کی آنکھ‘ کے ٹیزر نے دھوم مچا رکھی ہے۔
تاپسی پنو کو بولی وڈ کی نئی اداکاراؤں میں ٹیلنٹڈ اداکارہ تسلیم کیا جاتا ہے، جنہوں نے ’پنک، نام شبانہ، ملک، سورما، من مرضیاں اور بدلا‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی وہ جلد ہی ’تڑکا، مشن منگل اور سانڈ کی آنکھ‘ جیسی فلموں میں کام کرتی دکھائی دیں گی۔
تاہم تاپسی پنو نے صحافیوں سے آنے والی بولی وڈ فلم میں کام دلوانے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں فلم کا کردار دلوائیں۔
ایسٹرن آئی کے مطابق تاپسی پنو سے حال ہی میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے صحافیوں سے منتیں کرنا شروع کردیں۔
رپورٹ کے مطابق تاپسی پنو نے متھالی راج کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کےخیال کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس فلم میں کام کرنے کے لیے انتہائی بے قرار ہیں، تاہم انہیں نہیں پتہ کہ انہیں کاسٹ کیا جائے گا یا نہیں؟
اداکارہ کے مطابق وہ چاہتی ہیں کہ متھالی راج کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں انہیں کاسٹ کیا جائے، کیوں کہ وہ اسکرین پر کرکٹ کھیل کر منفرد کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔
اداکارہ نے رکھ رکھاؤ کیے بغیر صحافیوں کو کہا کہ وہ متھالی راج کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم فلم کی ٹیم کو انہیں کاسٹ کرنے کا مشورہ دیں۔
تاپسی پنو نے صحافیوں سے کہا کہ وہ فلم کی ٹیم کو کہیں کہ متھالی راج کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے لیے تاپسی پنو کو کاسٹ کریں۔
اداکارہ نے متھالی راج کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے لیے خود کو موزوں بھی قرار دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس متھالی راج نے خود ایک انٹرویو کے دوران اعتراف کیا تھا کہ ان کی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالے سے کام جاری ہے۔
متھالی راج نے نہ صرف اپنی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریوں کی تصدیق کی تھی بلکہ انہوں نے فلم میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اپنی پسندیدہ اداکارہ کا نام بھی بتایا تھا۔
متھالی راج نے خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں پریانکا چوپڑا کو ان کا کردار ادا کرنے کے لیے کاسٹ کیا جائے۔
اگرچہ متھالی راج نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ کون فلم ساز ان کی زندگی پر فلم بنانے جا رہا ہے اور اس کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔
تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ برس تک ان کی زندگی پر بننے والی فلم کو ریلیز کردیا جائے گا۔