حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘سنجو’ کی شاندار کامیابی کے بعد بولی وڈ میں بائیوگرافی فلمیں بنانے کا رواج چل پڑا اور جلد ہی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج کی زندگی پر فلم سامنے آنے کا امکان ہے۔

اگرچہ ‘سنجو’ سے قبل بھی بائیوگرافی فلمیں بنائی گئیں، تاہم اس کی کامیابی نے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کے لیے موضوعات کے نئے دروازے کھول دیے ہیں اور اب نہ صرف اسپورٹس سے وابستہ افراد بلکہ خود اداکاروں کی زندگی پر فلمیں سامنے آنے کا امکان ہے۔

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج جنہوں نے کھیل کے میدان میں کئی ریکارڈ بنائے اب ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی، جس کے لیے اسکرپٹ پر کام جاری ہے، جو جلد ہی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔

اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے حوالے سے میتھالی راج نے نہ صرف تصدیق کی بلکہ یہ بھی بتایا کہ وہ اسکرین پر کس اداکارہ کو اپنے روپ میں دیکھنا چاہتی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق میتھالی راج کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اسکرین پر ان کا کردار ادا کرنے کے لیے پریانکا چوپڑا سب سے موزوں اداکارہ ہیں۔

35 سالہ کرکٹر کے مطابق ان کی اور پریانکا چوپڑا کی شخصیت میں بہت ساری باتیں مشترک ہیں، جب کہ اداکارہ پہلے بھی اسپورٹس خاتون کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کر چکی ہیں۔

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے پریانکا چوپڑا کی تعریف کرتے ہوئے اپنی زندگی پر فلم بنانے والے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو تجویز دی کہ وہ ان کا کردار ادا کرنے کے لیے پگی چوپس کو کاسٹ کریں۔

میتھالی راج نے پریانکا چوپڑا کی جانب سے بھارتی باکسر خاتون میری کوم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ‘میری کوم’ میں ان کی اداکاری کی تعریف بھی کی۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کی فلم ‘میری کوم’ 2014 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی۔

اگر میتھالی راج کی زندگی پر بننے والی فلم میں پریانکا چوپڑا کاسٹ کی گئیں تو وہ اسپورٹس خاتون کی زندگی پر بننے والی دوسری فلم میں کام کریں گی۔

علاوہ ازیں پریانکا چوپڑا کو دیگر متعدد بائیوگرافی فلموں میں بھی کاسٹ کیے جانے کی چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

یہ بھی چہ مگوئیاں کرتی رہیں کہ وہ بھارتی ناول نگار اور شاعرہ امرتا پریتم کی زندگی پر بننے والی فلم میں ان کا کردار ادا کریں گی، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں