Dawn News Television

شائع 08 اگست 2021 08:50pm

سعودی عرب کا کورونا سے جاں بحق طبی عملے کے لواحقین کو 5 لاکھ ریال دینے کا اعلان

سعودی عرب نے مریضوں کے علاج کے دوران عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے طبی عملے کے لواحقین کو ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر (5 لاکھ سعودی ریال) معاوضے کے طور پر دینے کا اعلان کردیا۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق صحت کے شعبے سے وابستہ تمام ملازمین، جن کا انتقال کورونا وائرس سے ہوا اس سے قطع نظر کہ وہ سعودی شہری تھے یا غیر ملکی، انہوں نے سرکاری یا نجی سیکٹر یا سول یا ملٹری سیکٹر میں کام کیا ہو، ان کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 5 لاکھ سعودی ریال ان ہیلتھ ورکرز کے لواحقین کو دیے جائیں گے جو شعبہ طب میں کورونا وائرس سے متعلق خدمات کی ادائیگی کے نتیجے میں انتقال کرگئے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا غیر ملکی ویکسینیٹڈ عازمین کو عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ

اس حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ طبی عملے نے عالمی وبا کے خلاف جنگ میں مملکت کے شہریوں اور رہائشیوں کی صحت اور تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔

سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ 'سعودی مملکت ہیلتھ ورکرزر کی ان قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے جو انہوں نے وبا سے متاثرہ افراد کی مدد کے دوران دیں اور اس عالمی وبا کا مقابلہ کیا'۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب میں شعبہ صحت سے وابستہ عملہ وبا پر قابو پانے کے لیے متحد ہے اور رہائشیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس ضمن میں تمام موجودہ وسائل اور فنڈز استعمال ہورہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا ویکسینیٹڈ سیاحوں کیلئے سرحدیں کھولنے کا اعلان

خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک 5 لاکھ 32 ہزار 785 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 8 ہزار 320 انتقال کرچکے ہیں۔

ساتھ ہی 7 اگست تک سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے 2 کروڑ 90 لاکھ ڈوز لگائے جاچکے ہیں۔

Read Comments