سام سنگ کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرا فون کیسا ہوگا؟

08 اگست 2021
گلیکسی زی فولڈ 3 ممکنہ طور پر ایسا ہوگا — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
گلیکسی زی فولڈ 3 ممکنہ طور پر ایسا ہوگا — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

سام سنگ کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون گلیکسی زی فولڈ 3 چند دن میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

یہ فون 11 اگست کو ایک ان پیکڈ ایونٹ میں گلیکسی زی فلپ 3 کے ساتھ پیش کیا جائے گا اور اس سے قبل ہی فون کی تمام تر تفصیلات اور تصاویر لیک ہوگئی ہیں۔

اس سال سام سنگ کی جانب سے نیا نوٹ فون متعارف نہیں کرایا جا رہا تو اس فولڈ ایبل فون کے ساتھ ایس پین سپورٹ دی جا رہی ہے۔

گلیکسی زی فولڈ 3 میں 2 ڈائنامک امولیڈ 2X اسکرینیں ہوں گی اور دونوں میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ دی جائے گی۔

فون کی باہری اسکرین 6.2 انچ کی ہوگی جسے گوریلا گلاس وکٹس سے تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا جائے گا۔

فون کی اندرونی اسکرین 7.6 انچ کی ہوگی اور اس میں سام سنگ کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرا چھپا ہوگا جو 4 میگا پکسل کا ہوگا اور اس ک ساتھ ایف 1.8 آپرچر بھی دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

فون کے بیک کیمرا سیٹ 3 کیمروں پر مشتمل ہوگا جس کے تینوں کیمرے 12، 12 میگا پکسلز زکے ہوں گے۔

فون کا مین کیمرا آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کے ساتھ ایف 1.8 لینس سے لیس ہوگا، اس کے ساتھ 12 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرا ایف 2.4 لینس کے ساتھ ہے جو 2 ایکس زوم کی سہولت فراہم کرے گا۔

تیسرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا ہوگا جس میں ایف 2.2 آپرچر دیا جائے گا۔

گلیکسی زی فولڈ 3 میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہوگا اور اس بار سام سنگ کے تیار کردہ ایکسینوس پراسیسر پر مشتمل ورژن متعارف کرائے جانے کا امکان نہیں۔

12 جی بی ریم کے ساتھ 256 سے 512 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے جائیں گے جبکہ 4400 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہوگی۔

فون کے لیے 5 جی، ای سم سپورٹ، وائی فائی 6 اور بلیوٹوتھ 5.0 سپورٹ دی جائے گی۔

فون کی قیمت کے بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں مگر مختلف لیکس کے مطابق اس بار فولڈ ایبل فون گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں سستا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں