Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 جون 2022 02:45pm

اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائمز میں غیر معمولی اضافہ

دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی، چوری اور سواریاں چھینے جانے جیسے جرائم میں اضافہ ہونے لگا ہے کیونکہ اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ روال سال پولیس نے 5 ماہ میں ایسے جرائم کے 5 ہزار 466 مقدمات درج کیے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس اسلام آباد میں چوری اور ڈکیتی کے ایک ہزار 934 مقدمات درج کیے گئے تھے جو کہ رواں برس بڑھ گئے ہیں۔

دارالحکومت کی پولیس سے موصول اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس جنوری میں 399 مقدمات کے مقابلے میں رواں برس یکم جنوری سے 31 مئی تک چوری کے وارداتوں کے ایک ہزار 48 مقدمات درج کیے گئے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں اسلحہ ساتھ رکھنے کے اجازت نامے منسوخ

درج کیے گئے مقدمات میں سے 368 مقدمات صنعتی علاقے میں، 361 دیہی علاقوں میں، 243 صدر کے علاقے میں جبکہ 76 سٹی زون پولیس کے علاقے میں درج کیے گئے۔

اسی طرح گزشتہ سال کے ابتدائی 5 ماہ میں چھینا جھپٹی کے 176 مقدمات کے مقابلے میں رواں برس کے ابتدائی 5 ماہ میں 695 مقدمات درج ہوئے جن میں سے 273 دیہی علاقوں میں، 248 صنعتی علاقوں میں، 141 صدر اور 33 مقدمات سٹی زون پولیس کے علاقے میں درج ہوئے۔

2021 کے ابتدائی 5 ماہ میں ڈکیتی کے 203 مقدمات کے مقابلے میں رواں برس 594 ایسے مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 244 دیہی علاقوں میں، 188 صدر میں، 104 سٹی پولیس زون میں جبکہ 58 مقدمات صنعتی علاقے میں درج کیے گئے ہیں۔

اسی طرح گزشتہ سال چوری کے 289 مقدمات درج کیے گئے تھے جبکہ رواں سال ایک ہزار 374 چوری کے مقدمات درج کیے جاچکے ہیں جن میں سے 372 دیہی علاقے میں درج ہوئے، 361 صنعتی علاقے میں، 341 صدر میں جبکہ 300 مقدمات سٹی زون پولیس میں درج کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: پولیس، انتظامیہ کو پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

علاوہ ازیں کیپٹل پولیس کے پاس گزشتہ سال گاڑی چوری کے 259 مقدمات درج ہوئے تھے جبکہ رواں سال 295 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل چوری کے ایک ہزار 439 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں جن میں سے 476 مقدمات دیہی علاقوں میں، 405 صدر میں، 302 سٹی زون پولیس اور 256 صنعتی علاقوں میں درج کیے گئے، گزشتہ سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ایسے 587 کیسز درج ہوئے تھے۔

دوسری جانب رواں سال لوٹی گئی اشیا کی وصولی میں بھی کمی سامنے آئی ہے، پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس 88 لوٹی ہوئی اشیا برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال ابتدائی 5 ماہ میں 106 اشیا برآمد کی گئی تھیں۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال اب تک پولیس نے 22 چوری شدہ کاریں اور 28 موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں، جبکہ گزشتہ سال 35 چوری شدہ کاریں اور 26 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی تھیں، 2021 میں 45 کیسز میں لوٹی گئی اشیا بازیاب کی گئی تھیں جبکہ 2022 میں 35 کیسز میں لوٹی گئی یا چوری شدہ اشیا بازیاب کی گئیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے وزرا کی کمیٹی تشکیل

رواں سال کے دوران کیپٹل پولیس نے قتل کے 75، اقدام قتل کے 146، زخمی ہونے کے 140، اغوا برائے تاوان کا ایک مقدمہ اور اغوا اور زیادتی کے 418 مقدمات درج کیے، جبکہ گزشتہ سال 66 قتل، 89 اقدام قتل، 167 زخمی، ایک اغوا برائے تاوان اور 262 زیادتی کے مقدمات درج کیے گئے۔

اعلاوہ ازیں جنوری سے مئی 2021 تک بالترتیب 48 اور 27 کے مقابلے میں رواں سال پولیس میں 50 مہلک اور 55 غیر مہلک سڑک حادثات درج کیے گئے۔

Read Comments