آسٹریلیا سے سیریز: ملنگا سری لنکا کے باؤلنگ اسٹریٹیجی کوچ مقرر

02 جون 2022
ملنگا نے جولائی 2019 میں ون ڈے اور پھر 2020 میں ٹی20 سئے بھی ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا— فائل فوٹو: اے پی
ملنگا نے جولائی 2019 میں ون ڈے اور پھر 2020 میں ٹی20 سئے بھی ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا— فائل فوٹو: اے پی

سری لنکا نے آئندہ ہفتے آسٹریلیا کے خلاف آٹھ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا کو باؤلنگ اسٹریٹیجی کوچ مقرر کردیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور سری لنکن کرکٹ کے مطابق ملنگا کی مہارت اور تجربہ ان دونوں سیریز میں ٹیم کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔

بورڈ نے کہا کہ تجربہ کار سابق باؤلر سری لنکن باؤلرز کو سپورٹ کریں گے اور ان کو تکنیکی مہارت فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے اسٹریٹیجک منصوبوں کو عملی جامہ پہنچا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ پراعتماد ہے کہ ملنگا اپنے بے پناہ تجربے اور اختتامی اوورز میں باؤلنگ کی مہارت سے اس اہم سیریز میں ٹیم کو مدد ملے گی۔

ملنگا نے جولائی 2019 میں ون ڈے اور پھر 2020 میں ٹی20 سئے بھی ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا۔

محدود اوورز میں اپنی باؤلنگ کے لیے مشہور ملنگا نے ون ڈے کرکٹ میں 338 اور ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 107 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 101 وکٹیں لینے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔

سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان 7جون کو کھیلے جانے والے میچ کے ذریعے ٹی20 سیریز کا آغاز ہو گا جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز 14 جون سے ہو گا۔

ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں