اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے وزرا کی کمیٹی تشکیل

11 جنوری 2021
کمیٹی وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کرے گی — فائل فوٹو  / اے ایف پی
کمیٹی وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کرے گی — فائل فوٹو / اے ایف پی

وزیر اعظم عمران خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کے لیے 5 وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر دفاع پرویز خٹک شامل ہوں گے۔

ان کے علاوہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی وفاقی دارالحکومت میں مختلف تنظیموں اور گروپوں کی جانب سے احتجاج کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک نے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر نہ کرنے پر دوبارہ احتجاج سے خبردار کردیا

یاد رہے کہ فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر تحریک لبیک پاکستان نے گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا، جسے حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔

قبل ازیں اکتوبر میں اسلام آباد میں ٹریڈ یونینز، مزدور اتحاد، ٹیچرز اور نرسوں کی مختلف تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں نے مہنگائی، سستی اشیا کی فراہمی، تنخواہوں میں اضافے، سرکاری رہائش گاہوں سے ملازمین کی بے دخلی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ڈی چوک اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا تھا۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 31 جنوری تک مستعفی نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں