Dawn News Television

شائع 02 نومبر 2022 10:40am

خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو لانگ مارچ میں شرکت سے روک دیا گیا

خیبر پختونخوا کے محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک مراسلے کے مطابق محکمہ پولیس نے اپنے اہلکاروں کو اسلام آباد کی جانب رواں دواں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں برسر اقتدار پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ ہفتے جمعہ سے اسلام آباد کی جانب ’حقیقی آزادی‘ لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد کے آبادی والے علاقوں میں ریلیوں پر پابندی کیلئے درخواست دائر

مراسلے میں تمام علاقائی پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا گیا کہ علاقائی دائرہ اختیار اور قانونی مینڈیٹ کی خلاف ورزی نہ کریں۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ تمام پولیس افسران و اہلکار خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2017 میں تفویض کردہ اپنے اپنے دائرہ اختیار کے تحت سرکاری فرائض انجام دیتے ہوئے علاقائی دائرہ اختیار اور قانونی مینڈیٹ کی خلاف ورزی نہ کریں۔

یہ ہدایات وزارت داخلہ کے 26 اکتوبر کے خط کے بعد جاری کی گئی ہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ سرکاری ملازمین کو کسی بھی احتجاج میں شامل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کے احتجاج کو آئین کے دائرہ کار کے مطابق اور سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کی روشنی میں انجام دیا جانا کیا جانا چاہیے۔

ماضی میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ جانے والے خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی اسلام آباد پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، عمران خان

گزشتہ ماہ کے اوائل میں اسلام آباد پولیس نے مانسہرہ سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی صالح محمد خان سواتی اور خیبر پختونخوا پولیس سے تعلق رکھنے والے ان کے دو اسلحہ بردار اہلکاروں کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر تعینات پولیس پارٹی پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کے الزام میں دہشت گردی کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ واقعہ اس دن پیش آیا جب کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔

Read Comments