کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 4 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

سائٹ سپر ہاوے انڈسٹریل ایریا میں واقع کپڑا فیکٹری میں آگ صبح سویرے لگی، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں، آپریشن میں 6 فائر ٹینڈرز، ایک باوزر اور ایک اسنارکل نے حصہ لیا۔

فائر بریگیڈ کے مطابق آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی تھی، آگ لگنے کے وقت کوئی ملازم فیکٹری میں نہیں تھا۔

متاثرہ فیکٹری کے برابر میں موجود فیکٹر کے کے چوکیدار کے مطابق جب وہ یہاں صبح 6 بجے پہنچا تو دھواں نکلتے دیکھا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں تولیے کا گودام ہے جہاں پیکنگ کی جاتی ہے اور ساتھ کپڑے بنانے کا کام بھی کیا جاتا ہے، صبح 6.30 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال 27 جنوری کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں گتے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 7 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا اور واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل 21 جنوری کو کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں رات گئے کباڑ کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔

بھینس کالونی میں رات گئے کباڑ کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی تھی۔

اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا۔

4 جنوری کو کراچی کے علاقے تین ہٹی کے پُل کے نیچے لگنے والی آگ کے نتیجے میں 60 سے زائد جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں