بی جے پی کارکنان کی بھارتی شہر حیدرآباد میں ’کراچی بیکری‘ پر توڑ پھوڑ

شائع May 12, 2025
— فوٹو: دی وائر
— فوٹو: دی وائر

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنان نے ہفتے کو دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر ہونے سے قبل بھارتی شہر حیدرآباد میں واقع کراچی بیکری کو اس کے نام کی وجہ سے نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا ادارے ’دی وائر‘ کی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے زعفرانی شالیں پہن رکھی تھیں، پاکستانی جھنڈوں کو روندتے ہوئے پاکستان مخالف نعرے لگائے اور بیکری کے سائن بورڈ پر لفظ ’کراچی‘ کو ڈنڈوں سے نشانہ بنایا۔

’دی وائر‘ نے پولیس افسر ’کے بالاراجو‘ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دوپہر 3 بجے کے قریب چند بی جے پی کارکن شمس آباد میں واقع کراچی بیکری کے باہر پہنچے، نعرے بازی کی اور بیکری کے نام پر اعتراض کیا، انہوں نے سائن بورڈ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کو حراست میں لیا گیا، تاہم بیکری کے مالک کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرانے کی وجہ سے انہیں رہا کر دیا گیا۔

وائر کی رپورٹ کے مطابق کراچی بیکری 1953 سے حیدرآباد میں قائم ہے اور اس کا نام بیکری کے مالک کے آبائی شہر کراچی سے منسوب ہے، تقسیم ہند کے بعد سے بیکری نے بھارت بھر میں اپنے نام کے ساتھ کام جاری رکھا ہے، حالانکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران اس طرح کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

دی انڈین ایکسپریس نے بالاراجو کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ بیکری میں تمام ملازم محفوظ رہے، جبکہ دیگر کسی چیزکو بھی کوئی نقصان نہیں پہچنا۔

قبل ازیں، بیکری کی ایک اور شاخ پر بھی اسی طرح کا حملہ ہوا تھا، جہاں مظاہرین نے بھارتی جھنڈے لہرائے۔

بیکری کے منیجر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ہم ایک بھارتی کمپنی ہیں، ہمیں پاکستانی نہیں کہا جا سکتا۔

واضح رہے کہ جوہری طاقت سے لیس پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب بھارت نے بغیر تحقیقات یا ثبوت اس کا الزام پاکستان پر لگایا تھا، تاہم اسلام آباد نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

ان الزامات کے بعدپاکستان کی مسلح افواج نے رات گئے کیے جانے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر،6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹرز اور مختلف چیک پوسٹیں اڑا ڈالیں جس کے بعد بھارتی فوج نے ایل اوسی کے 4 سیکٹرز میں پوسٹوں پر سفید جھنڈے لہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

10 مئی کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) شروع کردیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

بعد ازاں، دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوگئی تھی، جس کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025