پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، 5 طیارے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ، دشمن نے شکست تسلیم کرلی
پاکستان کی مسلح افواج نے رات گئے کیے جانے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر،6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹرز اور مختلف چیک پوسٹیں اڑا ڈالیں جس کے بعد بھارتی فوج نے ایل اوسی کے 4 سیکٹرز میں پوسٹوں پر سفید جھنڈے لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔
وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور کئی ڈرون مار گرائے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں۔
دریں اثنا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل او سی کے چورا کمپلیکس ، چکوٹھی سیکٹر، لیپہ سیکٹر میں پوسٹ وانجل فارورڈ اور سانگھڑ پوسٹ بلمقابل چری کوٹ سیکٹر پر سفید جھنڈے لہرادیے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنگ کے دوران سفید جھنڈا لہرانے کا مطلب ، شکست تسلیم کرنا ہے۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے رات 2 بجکر 45 منٹ پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی، تیسرے بھارتی طیارے کو نشانہ بنانے کی تصدیق سرکاری میڈیا پی ٹی وی کے ذریعے صبح 3 بج کر 42 منٹ پر کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے اونتی پورہ سے 17 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں ایک اور بھارتی رافیل طیارہ مار گرایا ہے۔
فوجی ترجمان نے صبح 4 بجے کے قریب صورتحال کے تازہ ترین اعداد و شمار فراہم کیے، چوتھے اور پانچویں طیارے کی تصدیق صبح 5 بجے کے بعد وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور فوج کی جانب سے کی گئی۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، بھارتی طیاروں کو بھارت کی حدود میں مار گرایا، تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک سخوئی 30 اور ایک مگ 29 شامل ہے جبکہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ’بی بی سی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ پاک فضائیہ نے اکھنور، جموں، برنالہ اور انبالہ میں بھارتی فضائیہ کے 3 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں جبکہ ایک کواڈ کاپٹر اور ایک بڑا ڈرون طیارہ بھی تباہ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل ہے، اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے ایک ہیرون ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایل او سی پر بھارت کی جانب سے ہونے والی جارحیت کا بھی بھرپور جواب دیا ہے۔
پاک فوج نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹرز، 6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹرز اور مختلف چیک پوسٹیں اڑا ڈالیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بٹل سیکٹر میں دھرمسل l اور ll، نیزہ پیر سیکٹر میں شاہپور, کوٹ کٹھیرا سیکٹر کوٹلی میں سرلیا ون پوسٹ بھی تباہ کردی گئیں۔
پاکستانی آرٹلری نے خاکی ٹیکری چیک پوسٹ، گفدار پوسٹ، چھتری پوسٹ بھی اڑادیں جبکہ پیرکانٹی سیکٹرمیں چوکی سے 50 فوجی بدحواسی میں بھاگ نکلے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے چری کوٹ کے بالمقابل جبڑی پوسٹ کو بھی تباہ کردیا، حملے کے بعد بھارتی پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی، بھارتی فوجی بھاگنے پر مجبور ہوگئے، پونچھ سیکٹر میں ہیڈ کوارٹرز 93 بریگیڈ کی تباہی کی فوٹیج بھی دیکھی جاسکتی ہے ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت کا پاک فوج اُسی کی زبان میں جواب دے رہی ہے، مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں میں دشمن کو بھاری نقصان ہوا ہے۔
اس سے قبل سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی۔
دریں اثنا، پاکستان رینجرز نے صبح کے وقت شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی ڈرون کے ذریعے در اندازی کی کوشش ناکام بنادی بعدازاں کوٹلی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کا ڈرون مار گرایا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے در اندازی کی ناکام کوششیں کی جا رہی تھی، اس سے قبل برنالہ سیکٹر میں بھی بھارت کا ڈرون مار گرایا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے رات گئے پاکستان پر بزدلانہ میزائل حملے کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ بھارت کی جانب سے کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد میں بزدلانہ میزائل حملے میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے جبکہ دو شہری لاپتا ہیں۔
رات گئے ’اے آر وائی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ دیر قبل بزدل دشمن بھارت نے بہاولپور کے علاقے احمد ایسٹ، کوٹلی اور مظفر آباد میں سبحان اللہ مسجد پر فضا سے تین مقامات پر فضائی حملے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر اس کا جواب دے گا، اس گھناؤنی اشتعال انگیزی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ احمد پور شرقی میں ایک بچے کی شہادت اور 12 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی میں 2 شہری شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا تھا، میزائل اس کے قریب ایک گھر پر گرا ہے، جہاں والدین اور ایک بچہ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کوٹلی کی ایک مسجد پر بھی حملہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مساجد پر یہ حملے آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کی نشاندہی کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے مساجد کو نشانہ بنایا ہے اور وہ بعد میں مزید معلومات فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔
چند روز بعد ہی پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ کا کردار بے نقاب ہوگیا تھا، اہم دستاویز سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ کے ذریعے لیک ہوگئی تھیں، دستاویز پہلگام حملے میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کا بھی واضح ثبوت ہیں۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔