صدر ممنون حسین اور نگراں وزیر اعظم وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک پرچم کشائی کی تقریب میں موجود ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ ہمیں اپنے بچوں کو ذہن نشین کروانا ضروری ہے کہ ’پاکستان کیوں اللہ کی ایک غیر معمولی نعمت ہے‘۔
پرچم کشائی کی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی شرکت کی۔
خیال رہے کہ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین نے ریڈیو پاکستان پر پیغام میں کہا تھا کہ یومِ آزادی عہد تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پُرعزم ہونے کی یاد دلاتا ہے۔
نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا پیغام یوم پاکستان کے حوالے سے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ریڈیو پاکستان میں اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پاکستان ہمارے آبا و اجداد کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جن کی خواہش تھی کہ ایک ایسا وطن ہو جہاں مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق شہری اپنی زندگی گزاریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مسائل کا بھی سامنا ہے لیکن بانی پاکستان قائد اعظم کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم تمام پریشانیوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
پاک فوج کا یوم آزادی پر قوم کو تحفہ پاک فوج نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو تحفے میں ایک کروڑ درخت لگانے کا اعلان کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے ملک گیر‘سرسبز وشاداب پاکستان’ مہم کا آغاز کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج پاک فوج نے ملک بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے اور عوام سے قومی مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
اس حوالے سے آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ درخت زندگی ہیں، درخت لگائیں زندگی بچائیں۔
مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی
کراچی میں قائدِاعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد تھے، جہنوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
یوم آزادی تقریب میں خصوصی جوش و جذبہ نظر آیا جبکہ گزشتہ روز یعنی 13 اگست کو 15 ویں قومی اسمبلی بشمول صوبائی اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، اس ضمن میں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ قومی اسمبلی میں 134 نئے چہروں نے عوامی عہدے کے حلف اٹھایا۔
مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے بعد سیاست دانوں اور سماجی شخصیات نے بھی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن نے شرکت کی اور مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر اسکول کے بچوں کی جانب سے ملی نغمے بھی پیش کیے گئے جبکہ نگراں وزیر اعلیٰ کی جانب سے پودا بھی لگایا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب تھا کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست بنے اور ہم سب کو انہی کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قائد اعظم کی جدوجہد اور قیادت تھی کہ آج ہم ایک آزاد قوم ہیں، ہمیں چاہیے کہ قائد کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنائیں۔
پرچم کشائی کی تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے علاوہ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے بھی شرکت کی۔
یوم آزادی کے موقع پر سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔