72 واں یوم آزادی: ’پاکستان کا مقصد انسانوں کی غلامی سے نکلنا تھا‘

شہری طویل پرچم اٹھائے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
شہری طویل پرچم اٹھائے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ‘قیام پاکستان کا مقصد انسان کو انسانوں کی غلامی سے نکالنا تھا تاکہ بندہ گان خدا اپنے تصورات کے مطابق آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں اور استحصال کی ہر صورت کا خاتمہ کرکے عوام کو ہر وہ سہولت فراہم کریں جو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق ہے‘۔

جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ پوری صدی کے دوران بہت سے نشیب و فراز کے باوجود پاکستان نے اس جانب بہت پیش رفت کی لیکن ہمیں ایمانداری کے ساتھ یہ اعتراف کرنا چاہیے کہ ہم ابھی مکمل طور پر اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکے اس اعتراف کے ساتھ ان وجوہات اور رکاوٹوں پر غور کرنا چاہیے جن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے‘۔

—فوٹو:ریڈیو پاکستان
—فوٹو:ریڈیو پاکستان

پرچم کشائی کی تقریب میں نگراں وزیراعظم ناصر الملک کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفراء اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ’میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک و ملت کی بہتری و ترقی کے جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ کاروبار مملکت سنبھالنے والوں کی رہنمائی فرمائے اور جذبہ عمل بڑھا دے‘۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ اس بار یوم آزادی اور انتخابات تقریبا ساتھ ساتھ آئے ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ اس میں ایک رمز اور پیغام پوشیدہ ہے کیونکہ جس طرح یہ ملک عوام کی مرضی سے وجود میں آیا تھا اُسی طرح اس کی قسمت کے فیصلے بھی ووٹ کی پرچی سے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کو اس اصول پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے،اس طرح عوام نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اُن کے نمائندے وہی لوگ ہوں گے جنہیں انہوں نے خود منتخب کیا ہوگا۔

ممنون حسین نے کہا کہ میرے عزیز اہل وطن، پاکستان بنانے والے بزرگوں اور آج کی نسل کے درمیان گردش ایام کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کا فاصلہ حائل ہے لیکن اس کے باوجود یہ امر اطمینان بخش ہے کہ نئی نسل کی وطن عزیز کے ساتھ محبت اس کی تعمیر و ترقی کے لیے خواہش زندہ ہے‘۔

جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب میں آرمی چیف اور اسپیکر قومی اسمبلی موجود ہیں —فوٹو: ڈان نیوز
جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب میں آرمی چیف اور اسپیکر قومی اسمبلی موجود ہیں —فوٹو: ڈان نیوز

انہوں نے واضح کیا کہ ’قومی ایام اسی لیے منائے جاتے ہیں کہ افراد، معاشرہ اور آنے والی نسلوں کو قومی مقاصد اور ان کے حصول کے لیے کی جانے والی جدوجہد سے آگاہ کیا جا سکے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایسے مواقع پر پرچم کشائی سمیت دیگر تمام رسوم معمول کی کارروائی بن کر رہ جاتی ہیں اگر ان ایام ہائے مسرت کا پس منظر، فکر و فلسفہ نگاہوں سے اوجھل ہوجائے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ خوشی کے مواقع پر خوشیاں نہ منائی جائیں‘۔

صدرِ مملکت کا مزید کہنا تھا کہ جشنِ آزادی اور اس جیسے دیگر تہواروں پر نوجوان کی رنگ و رنگ سرگرمیاں اور زندہ دلی کے مناظر دیکھنے کو نہ ملے تو ہمارے دیس کے بام و در بے رونق ہوجائیں اور آزادی کی خوشیاں ماند پڑھ جائیں۔

صدر ممنون حسین اور نگراں وزیر اعظم وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک پرچم کشائی کی تقریب میں موجود ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
صدر ممنون حسین اور نگراں وزیر اعظم وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک پرچم کشائی کی تقریب میں موجود ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

انہوں نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ ہمیں اپنے بچوں کو ذہن نشین کروانا ضروری ہے کہ ’پاکستان کیوں اللہ کی ایک غیر معمولی نعمت ہے‘۔

پرچم کشائی کی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی شرکت کی۔

خیال رہے کہ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین نے ریڈیو پاکستان پر پیغام میں کہا تھا کہ یومِ آزادی عہد تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پُرعزم ہونے کی یاد دلاتا ہے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا پیغام

یوم پاکستان کے حوالے سے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ریڈیو پاکستان میں اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پاکستان ہمارے آبا و اجداد کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جن کی خواہش تھی کہ ایک ایسا وطن ہو جہاں مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق شہری اپنی زندگی گزاریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مسائل کا بھی سامنا ہے لیکن بانی پاکستان قائد اعظم کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم تمام پریشانیوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

پاک فوج کا یوم آزادی پر قوم کو تحفہ

پاک فوج نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو تحفے میں ایک کروڑ درخت لگانے کا اعلان کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے ملک گیر‘سرسبز وشاداب پاکستان’ مہم کا آغاز کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج پاک فوج نے ملک بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے اور عوام سے قومی مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

اس حوالے سے آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ درخت زندگی ہیں، درخت لگائیں زندگی بچائیں۔

مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی

کراچی میں قائدِاعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد تھے، جہنوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

یوم آزادی تقریب میں خصوصی جوش و جذبہ نظر آیا جبکہ گزشتہ روز یعنی 13 اگست کو 15 ویں قومی اسمبلی بشمول صوبائی اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، اس ضمن میں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ قومی اسمبلی میں 134 نئے چہروں نے عوامی عہدے کے حلف اٹھایا۔

مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے بعد سیاست دانوں اور سماجی شخصیات نے بھی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن نے شرکت کی اور مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر اسکول کے بچوں کی جانب سے ملی نغمے بھی پیش کیے گئے جبکہ نگراں وزیر اعلیٰ کی جانب سے پودا بھی لگایا گیا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب تھا کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست بنے اور ہم سب کو انہی کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قائد اعظم کی جدوجہد اور قیادت تھی کہ آج ہم ایک آزاد قوم ہیں، ہمیں چاہیے کہ قائد کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنائیں۔

پرچم کشائی کی تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے علاوہ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے بھی شرکت کی۔

یوم آزادی کے موقع پر سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی مزار قائد پر حاضری دی— فوٹو: بشکریہ شیراز معین الدین
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی مزار قائد پر حاضری دی— فوٹو: بشکریہ شیراز معین الدین

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومت سندھ غربت کے خاتمے، صوبے کی تقری اور صحت اور تعلیم کے شعبے کی بہتری پر توجہ مرکوز رکھے گی۔

علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی مزار قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا پیغام

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد یاور نے قائداعظم کو ایک عظیم انسان قرار دیتے ہوئے ہوئے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان میں عوام کے درمیان اتحاد ہو، ہر طرح سے ڈسپلن لازمی ہے اور ہم جو بھی اس ملک کے لیے کر سکتے ہیں وہ ہمیں کرنا چاہیے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ ضرور یہ سوچیں کہ ہم اس ملک کے لیے کیا کرسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ بار میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر انوار الحق پنوں نے پرچم لہرایا، پرچم کشائی کی تقریب میں بار عہدیداران، وکلا اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

پرچم کشائی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی کے دعائیں بھی کی گئیں۔

مزار اقبال پر پروقار تقریب

مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب میں سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
مزار قائد پر پرچم کشائی کی تقریب میں سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر مزار اقبال پر پر وقار تقریب ہوئی جس میں جی او سی میجر جنرل شاہد محمود نے آرمی اور رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

بعدازاں آرمی کے چاق چوبند دستے نے مزار اقبال کے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، اس سے قبل پنجاب رینجرز گارڈز کی فرائض انجام دے رہے تھے۔

جہانیاں میں پولیس دستے کی سلامی

جہانیاں میں جشن آزادی کے حوالے سے میونسپل کمیٹی میں پرچم کشائی کی تقریب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

اسسٹنٹ کمشنر حسنین خالد، چیئرمین میونپسل کمیٹی حاجی سلیم طارق، ڈی ایس پی غلام عباس اور ایس ایچ او غلام اصغر نے کی۔

اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد میونسپل کمیٹی میں موجود تھی جنہوں نے پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی۔

میاں چنوں میں یوم آزادی کی تقریب

میاں چنوں کی تحصیل کچہری میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب پرچم کشائی ہوئی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ میاں چنوں کے اسسٹنٹ کمشنر نے پرچم کشائی کی اور پولیس اور ریسکیو 1122 کے دستے نے سلامی پیش کی۔

تقریب میں ڈی ایس پی فلک شیر،موٹروے پولیس، ایلیٹ فورس بار ایسوسی ایشن جنرل سیکریٹری سمیت افسران بھی موجود تھے۔

خانیوال میں پرچم کشائی کی تقریب

خانیوال میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب میں خانیوال ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈسڑکٹ پولیس آفیسر فیصل مختیار اور میٹرک میں ملتان بورڈ سے ٹاپ کرنے والی طلبہ ماہم نے کی۔

خانیوال پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ اسکول اور کالجز کے طلبا نے پاکستانی پرچم لہرائے۔

جیکب آباد میں تقریب پرچم کشائی

جیکب آباد میں 72 ویں یوم آزادی پر بحریہ کالج میں ڈپٹی کمشنر عمران علی نے پرچم کشائی کی۔

تقرہب میں ایس ایس پی شوکت علی کھٹیان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شریک کی اور کالج کے طلبا و طالبات نے ٹیبلوز بھی پیش کیے۔

طورخم سرحد پر جشن آزادی کی تقریب

افغان سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی حکام کو مٹھائی اور تحائف بھی دیے— فوٹو: بشکریہ علی اکبر
افغان سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی حکام کو مٹھائی اور تحائف بھی دیے— فوٹو: بشکریہ علی اکبر

یوم آزادی کے موقع پر طورخم سرحد پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں افغان سرحدی حکام نے بھی شرکت کی اور پاکستانی حکام کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔

افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کمانڈنٹ خیبر رائفلز فرخ ہمایوں کو مٹھائی اور تحائف دیے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نیاز محمد نے بھی شرکت کی۔

امریکا کی پاکستانی عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد

ادھر مملکت خداداد پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر امریکا کی جانب سے بھی مبارک بادی پیغام دیا گیا۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری مائیک پومپیو کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ وہ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے عوام کو آزادی کے دن کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان 70 برسوں سے زائد تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں کی طرح آنے والے سالوں میں ہمیں امید ہے کہ یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے کیونکہ ہم جنوبی ایشیاء میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ کام کرنے کے مواقع کی تلاش میں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں