سلمان خان کی بولی وڈ میں کامیابیاں

سلمان خان کی بولی وڈ میں کامیابیاں

بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کا نام اب کسی برانڈ سے کم نہیں ہے، ان کی جانب سے بولی وڈ میں کی جانے والی فلمز باکس آفس پر کامیاب تو ہوتی ہی ہیں جبکہ سلمان خان کے مداح بھی ان کی فلم دیکھنے کے بعد کبھی مایوس نہیں ہوتے۔

سلمان خان اس وقت اپنی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کا پہلا ٹریلر کر ریلیز کیا جائے گا۔

سلمان خان نے بولی وڈ کو کافی کامیاب فلمیں دی ہیں اور ان کی ہر فلم باکس آفس پر ایک نیا ریکارڈ قائم کرلیتی ہے۔

ہم نے یہاں سلمان خان کی ایسی فلموں کی فہرست ترتیب دی ہے جو باکس آفس پر بلاک بسٹر شمار کی جاتی ہیں۔

کک

فوٹو بشکریہ یوٹیوب
فوٹو بشکریہ یوٹیوب

سلمان خان کی فلم کک 2014 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر 233 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ اس فلم میں سلمان کے ساتھ بولی وڈ کی اداکارہ جیکولین فرنینڈز بھی شامل تھیں۔ سلمان خان نے اس فلم میں ایسے اسٹنٹس کا مظاہرہ کیا ہے جس سے دیکھنے والوں کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں ہوتا۔ فلم کک کی ہدایت کاری اور پروڈکشن سلمان کے قریبی دوست ساجد نڈیا والا نے دی تھی اور سلمان نے اس فلم میں اچھائی اور برائی کے کردار ادا کیے ہیں۔ سلمان خان کے مداح اس فلم کو سلمان کی بہترین فلموں میں سے ایک سمجھتے ہیں۔

جے ہو

فوٹو بشکریہ — انڈیا ٹوڈے
فوٹو بشکریہ — انڈیا ٹوڈے

سلمان خان کی فلم جے ہو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی جسے ناقدین کے ساتھ ساتھ شائقین کی بھی بھرپور داد وصول ہوئی تھی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ تبو نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ فلم جے ہو نے باکس آفس پر تقریباً 112 کروڑ روپے کمائے تھے۔

ایک تھا ٹائگر

فوٹو بشکریہ— ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ— ہندوستان ٹائمز

2012 کی فلم ایک تھا ٹائگر سلمان خان کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ ان کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ کترینہ کیف نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ اس فلم نے باکس آفس پر تقریباً 193 کروڑ روپے کمائے تھے۔ سلمان نے اس فلم ایک انڈین ایجنٹ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ کترینہ پاکستانی ایجنٹ کے روپ میں نظر آئیں تھی۔

دبنگ 2

فوٹو بشکریہ — بولی وڈ لائف
فوٹو بشکریہ — بولی وڈ لائف

دبنگ 2 سال 2012 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر 154 روپے کمائے۔ یہ سلمان خان کی بہترین فلم دبنگ کا سیکوئل تھا البتہ یہ پہلے حصےسے زیادہ ہٹ ثابت ہوئی تھی۔ اس فلم میں سلمان ایک بار پھر پولیس افسر کے کردار میں نظر آئے تھے اور اداکارہ سوناکشی سنہا نے ان کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔ چلبل پانڈے کی یہ فلم ان کے کرئیر کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔

باڈی گارڈ

فوٹو بشکریہ — انڈین ایکسپریس
فوٹو بشکریہ — انڈین ایکسپریس

سلمان خان کی فلم باڈی گارڈ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے باکس آفس پر 145 کروڑ روپے کمائے تھے۔ سلمان خان کے ساتھ اس فلم میں بولی وڈ کی کامیاب اداکارہ کرینہ کپور نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں سلمان خان کرینہ کپور کے باڈی گارڈ بنے تھے اور سلمان کے پرستاروں کو ان کا یہ انوکھا کردار نہایت پسند آیا تھا۔

ریڈی

فوٹو بشکریہ — دی ہندو
فوٹو بشکریہ — دی ہندو

2011 میں ریلیز سلمان خان کی فلم ریڈی نے باکس آفس پر 120 کروڑ روپے کمائے تھے۔ اس فلم میں سلمان کے ساتھ اداکارہ آسین نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ مزاح سے بھر پور اس فلم نے ناقدین کے ساتھ ساتھ شائقین کی بھی بھرپور داد وصول کی تھی۔

دبنگ

فوٹو بشکریہ —یوٹیوب
فوٹو بشکریہ —یوٹیوب

سلمان خان نے 2010 میں ریلیز اس فلم میں چلبل پانڈے نامی پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم نے باکس آفس پر 141 کروڑ روپے کمائے تھے۔ سلمان خان کے ساتھ اس فلم میں ان کے بھائی ارباز خان اور اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ یاد رہے کہ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اس فلم کے ساتھ ہی بولی وڈ میں اپنے کرئیر کا آغاز کیا تھا۔ سلمان خان کے مداحوں کو ان کی یہ فلم اتنی پسند آئی تھی کہ فلم ساز اس کا سیکوئل بنانے پر مجبور ہوگئے۔

وانٹڈ

فوٹو بشکریہ — یوٹیوب
فوٹو بشکریہ — یوٹیوب

وانٹڈ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سلمان خان کی منفرد اداکاری کو ناقدین اور شائقین کی بھر پور داد وصول ہوئی تھی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ عائشہ ٹاکیا نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ فلم وانٹڈ نے باکس آفس پر تقریباً 107 کروڑ روپے کمائے تھے۔ سلمان خان کا کرئیر اس فلم کے ساتھ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچا تھا جس کے بعد سلمان نے ایک کے بعد ایک بہترین فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

پارٹنر

فوٹو بشکریہ — بولی وڈ لائف
فوٹو بشکریہ — بولی وڈ لائف

2007 میں ریلیز ہوئی فلم پارٹنر میں سلمان خان کے ساتھ ساتھ اداکار گووندا نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں اداکارہ لارا دتہ اور کترینہ کیف بھی شامل تھیں۔ مزاح سے بھر پور اس فلم کو ناقدین کے ساتھ ساتھ شائقین کی بھی بھرپور داد وصول ہوئی تھی۔ اس فلم نے باکس آفس پر تقریباً 61.2 کروڑ روپے کمائے تھے۔

ہم آپ کے ہیں کون

فوٹو بشکریہ — یو ٹیوب
فوٹو بشکریہ — یو ٹیوب

1994 میں ریلیز فلم ہم آپ کے ہیں کون سلمان کی پرانی فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ بولی وڈ کی کامیاب اداکاری مادھوری نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ہم آپ کے ہیں کون اپنے وقتوں کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی جس نے سلمان خان کے کرئیر کی کامیابی میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم نے باکس آفس پر تقریباً 60 کروڑ روپے کمائے تھے۔