پشاور: پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں دو امریکی ڈرون حملوں کے نتیجے میں سات مبینہ عسکریت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پہلے حملے میں داعش کے ٹھکانے کو امریکی جاسوس طیارے نے پاک افغان سرحدی علاقے نازیان میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین عسکریت پسند ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جاسوس طیارے نے داعش کے ٹھکانے پر ایک میزائل فائر کیا جس سے ٹھکانہ بھی تباہ ہوگیا۔

دوسرا ڈرون حملہ خیبر ایجنسی سے ملحقہ افغان علاقے لعل پورہ میں ہوا جس کے نتیجے میں چار شدت پسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام مبینہ دہشتگرد تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھتے تھے۔

گزشتہ ہفتے بھی پاکستانی سرحد کے قریب افغانستان کے علاقے نازیان اور باندرا میں 2 ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 16 مبینہ دہشت گرد مارے گئے تھے، جس میں داعش کے جنگجو بھی شامل تھے.

تقریباً ایک ماہ قبل بھی نازیان میں امریکی ڈرون سے داعش کے ٹھکانے پر دو میزائل داغے گئے، جس میں داعش کے 4 مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : پاکستان سرحد کے قریب ڈرون حملہ، چار ’جنگجو‘ ہلاک

خیال رہے کہ داعش نے باقاعدہ طور پر افغانستان میں اپنی موجودگی کو تسلیم نہیں کیا لیکن ملک میں ان کی موجودگی کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔

امریکا کا کہنا ہے کہ شام اور عراق کے وسیع و عریض علاقے پر قابض داعش کی افغانستان میں موجودگی ’پہلے مرحلے میں ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں