کامیاب افراد کی سونے سے قبل اہم عادات

کامیاب افراد کی سونے سے قبل اہم عادات

دن بھر کی تھکن کے بعد سونے سے پہلے آپ کیا کام کرتے ہیں؟ یہ سوال آپ کی جسمانی و ذہنی طاقت کے ساتھ ساتھ آنے والے دن میں آپ کے اچھے مزاج کے لیے بھی اہم ہے۔

اگلا دن اچھا گزرے اس کے لیے بے حد ضروری ہے کہ آپ ایک اچھی اور بہتر نیند لیں.

کیا آپ جانتے ہیں کہ کامیاب افراد دن بھر کی تھکن کے بعد سونے سے پہلے کیا کرتے ہیں؟

ذیل میں ہم ایسی 7 عادات بیان کر رہے ہیں جنہیں اگر آپ بھی اپنا لیں تو اس سے نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت بہتر بنائی جاسکتی ہے بلکہ پرسکون نیند کے بعد کامیابی کی جانب بڑھنا بھی مزید آسان ہوجائے گا.

سونے سے قبل مطالعہ

فوٹو بشکریہ شٹراسٹاک
فوٹو بشکریہ شٹراسٹاک

کہتے ہیں مطالعہ بہت ہی ضروری ہے اور سونے سے قبل کچھ دیر اپنی پسندیدہ کتاب پڑھنا کافی فائدہ مند بھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما اور بل گیٹس سونے سے قبل آدھے گھنٹے تک مطالعہ ضرور کرتے ہیں۔

مائیکل کرک کے مطابق رات میں سونے سے پہلے تھوڑی دیر تک کسی کتاب کے مطالعے سے تخلیقی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ مطالعہ صرف اپنے شعبے سے متعلق ہی کسی کتاب کا کیا جائے، بلکہ کسی بھی دلچسپ کتاب کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

سونے سے قبل کام ترک کردینا

فوٹو بشکریہ پکسلز
فوٹو بشکریہ پکسلز

کامیاب لوگوں کی عادت ہے کہ پرسکون نیند حاصل کرنے کے لیے وہ اپنے کام کو سونے سے آدھے گھنٹے قبل ترک کردیتے ہیں تاکہ بہتر نیند لے سکیں.

اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر سونے سے پہلے تک بغیر کسی وقفے کے کام کیا جاتا رہے تو پوری رات انسان کے ذہن میں اُسی کام کے حوالے سے خیالات گھومتے رہتے ہیں، جس سے سونے میں دشواری کا سامنا کرنا پرتا ہے۔

سوشل میڈیا سے دوری

فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

ایک اچھی اور پرسکون نیند حاصل کرنے کے لیے ہمیں دفتری کام کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا سے بھی اپنا رابطہ ختم کرنا چاہیے۔

تحقیق کے مطابق موبائل فون کی روشنی آُپ کے ذہن کو سورج کی روشنی کا سگنل دیتی ہے جس سے نیند آنے میں خلل پیدا ہوتا ہے۔ ایک کامیاب زندگی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سوتے وقت دیگر کاموں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا سے بھی اپنا رابطہ ختم کردیں۔

اگلے دن کے کاموں کی فہرست

فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

متعدد کامیاب افراد سونے سے قبل اپنے ذہن کو پر سکون رکھنے کے لیے اگلے دن کے کاموں کی فہرست بھی بنا ڈالتے ہیں.

اس طرح انہیں اس بات کا اندازہ ہوجاتا ہے کہ اگلے دن اپنے کن ضروری کاموں کو انھوں نے فوری طور پر کرنا ہے، ساتھ ہی رات میں کسی قسم کی پریشانیوں سے بھی ان کے ذہن کو آزادی مل جاتی ہے۔

سونے سے قبل گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا

فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

ایک تحقیق کے مطابق سونے سے پہلے اپنے اہلخانہ کے ساتھ کچھ دیر اچھا وقت گزارنے سے پرسکون نیند حاصل ہوتی ہے۔ مصروف افراد کو دن بھر اپنے قریبی افراد سے بات کرنے کا وقت نہیں مل پاتا اور یہی وجہ ہے کہ رات میں کچھ دیر اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے سے آپ ایک پر سکون نیند حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی صبح کا آغاز بھی کر سکتے ہیں۔

سونے سے پہلے سیر کرنا

فوٹو رائٹرز
فوٹو رائٹرز

دنیا کے کئی مقبول اور کامیاب افراد سونے سے قبل ورزش کا سہارا لیتے ہیں یا پھر کچھ دیر سیر کے لیے باہر نکل جاتے ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق سونے سے پہلے کچھ دیر کی سیر کرنے سے جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے اور ساتھ ہی دن بھر کی تھکاوٹ میں بھی کمی آجاتی ہے۔

دن بھر میں کیے جانے والے اچھے کاموں پر نظر

فوٹو اے ایف پی
فوٹو اے ایف پی

کامیاب افراد کی سونے سے پہلے کئی عادات میں سے ایک اپنے دن بھر کے تمام کاموں میں سے اچھے کاموں پر ایک نظر ڈالنا ہے۔ اس طرح انہیں اگلے دن وہی کام اور زیادہ بہتر انداز سے کرنے کا حوصلہ ملتا ہے، ساتھ ہی ان کا ذہن برے خیالات سے محفوظ رہتا ہے۔

اس عمل سے ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ کی سوچ ہمیشہ مثبت رہتی ہے اور اپنی زندگی کو ایک بہتر انداز میں دیکھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔