ڈبلیو ڈبلیو ای میں طویل عرصہ بادشاہت قائم رکھنے والے ریسلر

ڈبلیو ڈبلیو ای میں طویل عرصہ بادشاہت قائم رکھنے والے ریسلر

کلیم راجڑ


ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کی 50 سال سے زائد تاریخ میں کچھ ایسے بھی چیمپین رہے ہیں جن کی طویل عرصے تک بادشاہت قائم رہی اور ان کی حاکمیت کو کوئی بھی چیلینج نہ کرسکا۔

سال 2002 میں جب سے ڈبلیو ڈبلیو ای میں دراڑ پڑی تب سے لیکر اب تک ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین شپ اور ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین کے نام سے دو الگ الگ مقابلے کروائے جاتے رہے۔

یہاں ھم سب سے طویل عرصہ ریسلنگ چیمپین رہنے والوں پر نظر ڈالتے ہیں۔

برونو سمارٹینو (11 سال/4040 دن)

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کے شروعاتی دنوں میں اٹالین نژاد آمریکی ریسلر برونو سمارٹینو سب پہ بھاری رہے، جنہوں نے 1963 میں پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا اور 1971 تک ان سے یہ ٹائٹل کوئی بھی نہ چھین سکا۔ 1973 میں برونو نے دوسری بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین کے ٹائٹل پر قبضہ جمایا اور 1977 تک اپنے اعزاز کو سنبھالے رکھا۔ بعد ازاں وہ اپنی بیلٹ سے ہاتھ گنوا بیٹھے لیکن ہارنے کے باوجود وہ کمپنی کے ڈراز میں ٹاپ پوزیشن پہ رہے۔ 1980 میں شیا اسٹیڈیم کا وہ دنگل کون بھلا سکتا ہے جس میں برونو سمارٹینو لوہے کے پنجرے میں لیری بائیزکو کے مدمقابل ہوئے تھے۔ 90 کی دہائی میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے کمنٹیٹر رہے لیکن ڈبلیو ڈبلیو ای پر بیجا تنقید کرنے کی پاداش میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم کا حصہ بننے سے محروم رہے۔

ہلک ہوگن (لگ بھگ 6 سال)

فوٹو/ اے ایف پی
فوٹو/ اے ایف پی

ڈبلیو ڈبلیو ای میں 6 ٹائٹل جیتنے پر ہلک ہوگن دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، پہلی بار جب 1984 میں ہلک نے آئرن شیخ وزیری کو مات دی تو اس کے بعد 1988 تک ناقابل شکست رہے۔ ہلکہ جب تک ورلڈ چیمپین ریسلنگ سےجڑے رہے اس عرصہ کے درمیان انہوں نے مسلسل 3 کئلینڈر ایئرز میں چیمپین بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

باب بیکلنڈ (5 سال 8 ماہ)

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

دو بار ڈبلیو ڈبلیو ایف چیمپین رہنے والے باب بیکلنڈ نے پہلی بار 1978 میں بلی گراہم کو شکست دی اور 1983 تک ورلڈ چیمپین رہے۔ بعد میں باب کو ائرن شیخ نے اس اعزاز سے محروم کیا۔ ایک دہائی گذرنے کے بعد باب بیکلنڈ نے بریٹ ہارٹ کو سروائیور سیریز 94 میں ہرا کر دوسری بار ٹائٹل جیتا، جو زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا اور ڈیزل نے چاروں شانے چت کر کے باب کا قصہ تمام کیا۔

جان سینا (3 سال 8 ماہ)

فوٹو بشکریہ/ ریسل زون
فوٹو بشکریہ/ ریسل زون

جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی بار چیمپین تب بنے جب انہوں نے ریسل مینیا 21 میں جے بی ایل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ کچھ ہفتے گزرنے کے بعد روب وان ڈیم کے ہاتھوں ون نائٹ اسٹینڈ 2006 کا مقابلہ ہارنے پر جان سینا ٹائٹل بھی گنوا بیٹھے، لیکن دوبارہ ایج کو شکست دیکر اپنا ٹائٹل واپس لیا۔ جان سینا کا تیسرا ورلڈ چیمپین ٹائٹل ایک سال تک برقرار رہا۔ سال 2008 میں وہ سروائیور سیریز میں کرس جیریکو کو شکست سے دوچار کر کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین بنے۔ جان سینا ورلڈ ہیوی ویٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین کے مجموعی طور پر 15 سے زائد ٹائٹل جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ٹرپل ایچ (3 سال 1 ماہ)

فوٹو بشکریہ/ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ/ وکی پیڈیا

ٹرپل ایچ 13 بار ریسلنگ چیمپین بننے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک ساتھ 9 بار ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ کے مالک بھی ہیں۔ ٹرپل ایچ نے پہلی بار 1999 میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 5 بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین بھی رہ چکے ہیں۔

پیڈرو موریلز (2 سال 8 ماہ)

فوٹو بشکریہ/ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ/ وکی پیڈیا

پیڈرو موریلز1971 سے 1973 تک بلا شرکت غیرے ریسلنگ چیمپین رہے۔ انہوں نے 1972 میں برونو سمارٹینو کے خلاف شیا اسٹیڈیم میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لئے اپنی جان لڑا دی اور مقصد میں کامیاب رہے۔ پیڈرو موریلزڈبلیو ڈبلیو ای میں ٹرپل کرائون چیمپین کا اعزاز پانے والے واحد ریسلر ہیں۔ کامیاب پروفیشنل کریئر اور خدمات دینے پر پیڈرو کو ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں بھی جگہ دی گئی۔

رینڈی اورٹن (2 سال 1 ماہ)

فوٹو / اے ایف پی
فوٹو / اے ایف پی

سال 2004 میں رینڈی اورٹن پہلی بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین بنے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب کے کم عمر ریسلر کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ بعد ازاں، وہ مین ایونٹ کی جانب گامزن ہوئے۔ رینڈی اورٹن اب تک 8 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین اور 3 بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین رہ چکے ہیں۔ سال 2013 میں رینڈی کا ڈینئل برائن سے ڈبلیو ڈبلیو ای ٹائٹل کے حصول کیلئے مقابلہ یادگار رہا۔

بریٹ ہارٹ ( ایک سال 7 ماہ)

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

بریٹ ہارٹ نے 90 کی دہائی میں جب رک فلیئر کو شکست دیکر پہلی بارٹائٹل جیتا تو دنیا بھر میں ریسلنگ کے مداح ہکا بکا رہ گئے تھے، حالانکہ یہ میچ لائیو ٹیلی کاسٹ نہیں ہوا تھا لیکن بریٹ ہارٹ نے دھوم مچادی تھی۔

سی ایم پنک ( ایک سال 7 ماہ)

فوٹو بشکریہ/ فاکس سپورٹس
فوٹو بشکریہ/ فاکس سپورٹس

سی ایم پنک 2009 میں جیف ہارڈی کو سمرسلیم 09 کے مہا دنگل میں ہرا کرچیمپین بنے۔ انہوں نے 3 بار ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپین کا ٹائٹل جیتا مگر اپنے اعزاز کا زیادہ سے زیادہ 160 دن تک دفاع کر سکے۔ سال 2011 میں سی ایم پنک نے جان سینا کو مات دیکر پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین کا ٹائٹل جیت کر دکھایا۔ بعد ازاں، سی ایم پنک نے سمر سلیم میں بھی جان سینا کو دوسری بار شکست کا مزہ چکھا کر دوسری بار بیلٹ حاصل کی۔ سی ایم پنک کو اس فہرست میں شامل کرنے کی اہم وجہ ان کا دوسری بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپین بننا اور 434 دن تک اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔ سال 2011 میں البرٹو ڈیل ریو کو سروائیور سیریز میں زیر کر کے حاصل کردہ ٹائٹل سی ایم پنک سے دا راک نے 2013 میں چھینا جب رائل رمبل میں راک بازی لے گئے۔

براک لیسنر (ایک سال 5 ماہ)

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

جب براک لیسنر نے جب سمر سلیم 2002 میں دا راک کو شکست دیکر ڈبلیو ڈبلیو ای کا ٹائٹل جیتا تب وہ یہ اعزاز پانے حاصل کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین ریسلر بنے تھے (تاہم یہ ریکارڈ رینڈی اورٹن نے 2 سال بعد توڑا)۔ یو ایف سی میں اپنی طاقت کا لوہا منوانے کے بعد براک لیسنر ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے اور 2014 کے سمر سلیم شو میں جان سینا کو ہرا کر پرستاروں کے دل جیت لئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔