کراچی کے ان 7 مالز کا دورہ ضرور کریں

کراچی کے ان 7 مالز کا دورہ ضرور کریں

میمونہ رضا نقوی



شاپنگ کو عموماً خواتین کا شوق تصور کیا جاتا ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو چیزوں کی خریداری کرنا صرف خواتین کو ہی نہیں مردوں اور بچوں کو بھی بے حد پسند ہے۔

لوگوں کے اسی شوق کو دیکھتے ہوئے اب شہروں میں بڑے بڑے مالز بنائے جاتے ہیں، جہاں کپڑوں سے لے کر جوتے، زیورات غرض ضرورت اور پسند کی ہر چیز دستیاب ہوتی ہے۔

اگر شہرِ قائد کی بات کی جائے تو یہاں بھی تیزی سے مالز کی تعمیر ہورہی ہے اور ہر علاقے میں لوگوں کی سہولت کے لیے مالز کھڑے کیے جارہے ہیں، لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ ان مالز کی وجہ سے کبھی کبھار ٹریفک کا نظام کافی متاثر ہوجاتا ہے۔

اس وقت کراچی میں بہت سے شاندار مالز موجود ہیں، جہاں ہر وقت عوام کا رش رہتا ہے، ان میں چند میں پارکنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے جبکہ چند اس سہولت کی فراہمی میں ناکام ہیں۔

یہاں کراچی کے اُن 7 شاندار مالز کی فہرست ترتیب دی گئی ہے، جن کا دورہ اب تک شاید سب نے کرلیا ہوگا اور اگر نہیں کیا تو یہاں جاکر شاپنگ ضرور کریں:

ڈولمن مال کلفٹن

فوٹو بشکریہ/ ڈولمن مال
فوٹو بشکریہ/ ڈولمن مال

ڈولمن مال کلفٹن مرین ڈرائیو بلاک 4 میں واقع ہے، جہاں پاکستان کے نامور ڈیزائنرز کے آؤٹ لیٹس کے ساتھ ساتھ کئی مقامی کپڑوں کی دکانیں بھی بنائی گئی ہیں، یہ مال اتنا شاندار بنایا گیا ہے کہ لوگ کئی بار صرف گھومنے کے لیے بھی یہاں کا دورہ کرتے ہیں۔

مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ یہ مال عوام کو پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے، یہاں لوگوں کے کھانے پینے کے شوق کو دیکھتے ہوئے فوڈ کورٹ بھی بنایا گیا ہے، ساتھ ہی سودا سلف کی خریداری کے لیے بھی یہاں بہت بڑا ہائپر اسٹار تعمیر کیا گیا ہے۔

ساحل سمندر کے قریب اس مال کا دورہ اپنی فیملی کے ساتھ کرنا مت بھولیے گا جو صبح 11 سے رات 12 بجے تک کھلا رہتا ہے۔

دی فورم

فوٹو/ وکی میڈیا
فوٹو/ وکی میڈیا

کلفٹن بلاک 9 میں واقع دی فورم مال صبح 11 سے رات 11 بجے تک کھلا ہوتا ہے، یہاں بڑے بڑے ڈیزائنرز کی شاپس موجود ہیں، ساتھ ہی عام کپڑے بھی دستیاب ہوتے ہیں۔

اس مال میں پارکنگ کی جگہ بھی دی گئی ہے جبکہ فوڈ کورٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔

گھر کے سودے کی خریداری کے لیے اسٹور بھی اس مال میں بنائے گئے ہیں۔

پارک ٹاورز

فوٹو/وائٹ اسٹار
فوٹو/وائٹ اسٹار

کلفٹن میں واقع اس مال کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صبح 10 بجے کھل جاتا ہے اور رات 12 بجے تک کھلا رہتا ہے، اس مال میں عوام کو پارکنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے تاکہ انہیں یہاں آنے کے بعد اپنی گاڑیوں کو پارک کرنے کی پریشانی نہ ہو۔

مال میں فوڈ کورٹ بھی موجود ہے جہاں مزیدار کھانوں کی مختلف شاپس بنائی گئی ہیں۔

مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ اس مال میں ڈیزائنر برانڈز اور سودا سلف کی خریداری کے لیے اسٹورز بھی بنائے گئے ہیں۔

اوشین مال

فوٹو بشکریہ/ اوشن مال
فوٹو بشکریہ/ اوشن مال

کلفٹن بلاک 9 میں واقع اوشین مال عوام کو اس لیے بھی پسند ہے کیونکہ یہاں سینما کی سہولت بھی دی گئی ہے اور لوگ یہاں فلم دیکھنے کے بعد مال میں موجود فوڈ کورٹ میں کھانا کھانا پسند کرتے ہیں۔

اوشین مال اینڈ ٹاورز دن 12 سے رات 12 بجے تک کھلا رہتا ہے، جہاں عوام کو پارکنگ کی بہترین سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

سینما اسکرینز کی وجہ سے اس مال میں لوگوں کا رش رہتا ہے۔

شاپنگ کے شوقین لوگ بھی یہاں آکر کافی خوش رہتے ہیں کیوں کہ ان کی پسند کی اشیاء کی کئی دکانیں یہاں موجود ہیں۔

ایٹریم مال

فوٹو بشکریہ/ایٹریم مال
فوٹو بشکریہ/ایٹریم مال

صدر کے علاقے میں واقع ایٹریم مال بھی صرف اپنی دکانوں اور فوڈ کورٹ کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ یہاں موجود تین سینما اسکرینز کی وجہ سے بھی پسند کیا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ مال پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل 3 ڈی ملٹی سینما کامپلیکس بھی ہے، جہاں 2010 میں سینما بنایا گیا تھا۔

ایٹریم عام دنوں میں صبح 11 سے رات 11 بجے تک جبکہ چھٹی کے دنوں میں صبح 11 سے رات 2 بجے تک کھلا رہتا ہے۔

اس مال میں پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے اور اس کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی بات یہ ہے کہ یہ کراچی کے مرکزی علاقے صدر میں ہونے کے باعث تمام لوگوں کی دسترس میں ہے۔

مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ اس مال میں مختلف برانڈز کی دکانیں بھی موجود ہیں، جہاں صارفین آرام سے شاپنگ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

ملینیئم مال

فوٹو بشکریہ/ ملینیم مال
فوٹو بشکریہ/ ملینیم مال

گلشن اقبال کے علاقے میں واقع ملینیئم مال میں بھی ہر وقت لوگوں کا رش رہتا ہے، جس کے اوقات کار صبح 11 سے رات 10 بجے تک ہیں۔

اس مال میں شاپنگ کے لیے بہت سی دکانیں، سینما اسکرین اور کھانے پینے کے شوقین افراد کے لیے فوڈ کورٹ کی سہولت موجود ہیں۔

اگر آپ برانڈڈ ملبوسات کے شوقین ہیں تو آپ کو بتاتے چلیں کہ اس مال میں ڈیزائنر ملبوسات کی کم ہی دکانیں بنائی گئی ہیں۔

لکی ون مال

فوٹو بشکریہ/ لکی ون مال
فوٹو بشکریہ/ لکی ون مال

راشد منہاس روڈ پر واقع لکی ون مال کو کھلے زیادہ عرصے نہیں گزرا، یہ کراچی کا سب سے بڑا مال ہے جہاں 200 اسٹورز بنائے گئے ہیں، جبکہ پارکنگ کی شاندار سہولت بھی دی گئی ہے جہاں 3 ہزار گاڑیاں پارک کی جاسکتی ہیں۔

اس مال میں میوزیکل کنسرٹ اور فیشن شوز کے لیے بھی خاص جگہ بنائی گئی ہے، جبکہ کراچی کا سب سے بڑا فوڈ کورٹ بھی یہاں موجود ہے۔

سودا سلف کی خریداری کے لیے ہائپر اسٹار بھی بنایا گیا ہے، یہ مال صبح 11 سے رات 11 بجے تک کھلا رہتا ہے۔

اس مال میں اِن ڈور تھیم پارک بھی تعمیر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بچوں کے لیے اور بھی بہت سے دلچسپ کھیل موجود ہیں۔

ان مالز کے علاوہ بھی کراچی میں کئی شاندار مالز موجود ہیں جن میں ایمرالڈ ٹاورز، ڈولمن مال طارق روڈ اور ڈولمن مال حیدری شامل ہیں۔