واشنگٹن : ٹرمپ انتطامیہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، یمن میں جاری جنگ میں شہریوں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے یمن میں جاری شہریوں کی اموات کو انسانی بحران قرار دیے جانے کے باوجود ٹرمپ انتظامیہ سعودی اتحاد کے حق میں بیان دے رہی ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز کانگریس میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سعودی عرب اور امارات، یمن میں جاری جنگ میں شہریوں اور شہری انفرااسٹرکچر کو نقصان سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کو ختم کرنا قومی سلامتی کی اولین ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ امریکی کانگریس نے یمن مین جنگ کے لیے سعودی اتحاد کو بھیجے جانے والے ہتھیاروں اور دیگر سہولیات کی تصدیق کی تفصیلات طلب کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سعودی اتحاد کے ساتھ کام کرتے رہیں گے تاکہ یمن میں جاری خانہ جنگی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کی کوششوں کو پورا کرسکیں، اس لیے انہیں ہر ممکن حمایت فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں اور شہری ڈھانچے کو نقصان سےبچایا جاسکے۔

مزید پڑھیں : ‘سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، یمن میں جنگی جرائم کے مرتکب‘

امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس نے مائیک پومپیو کی اس تصدیق کی بھرپور حمایت کی، انہوں نے مزید کہا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن میں شہریوں کی ہلاکتوں اور انہیں ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔

جیمز میٹس کاکہنا تھاکہ امریکا،یمن میں جنگ کے مذاکراتی اختتام کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب کے ساتھ مصروفِ عمل ہے۔

گزشتہ ماہ جیمز میٹس نے کہا تھا کہ امریکا نے یمن میں شہریوں کی ہلاکتوں اور بے گناہ افراد کو قتل نہ کرنے سے متعلق سعودی معاہدے پر سوالات کے باوجود اس اتحاد کی حمایت جاری رکھی۔

یہ بھی پڑھیں : یمن: مذاکرات کی ناکامی کے بعد جھڑپ، فضائی کارروائی میں 84 افراد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ عرب ایئر پر امریکی اثرورسوخ کی وجہ سے شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

خیال رہے کہ انسانی حقوق کے سرگرم گروہ اور فلاحی تنظیموں نے امریکا کی تصدیق کی فوری مذمت کی تھی۔

ایک بیان میں آکسفام کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ دنیا کے سب سے بڑے انسانی بحران کی حمایت کرنے کی ناکام پالیسی کو بڑھانے کی کوشش میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کانگریس سے جھوٹ بول رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اراکین اس جنگ میں امریکا کی مداخلت ختم کرنے میں کردار ادا کریں۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 13 ستمبر 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں