پیٹرسن کے 100ویں ٹیسٹ سے ایشز سیریز کا آغاز

20 نومبر 2013
آسٹریلین ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اور انگلش ٹیم کے قائد ایلسٹر کک ایشز سیریز کے آغاز سے قبل تاریخی ایشز ترافی تھامے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلین ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اور انگلش ٹیم کے قائد ایلسٹر کک ایشز سیریز کے آغاز سے قبل تاریخی ایشز ترافی تھامے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
یہ کیون پیٹرسن کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ ہوگا جنہوں نے 2005 کی ایشز سیریز سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
یہ کیون پیٹرسن کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ ہوگا جنہوں نے 2005 کی ایشز سیریز سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی

برسبین: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سال کی دوسری ایشز سیریز کا آغاز کل سے برسبین میں ہو رہا ہے جہاں میزبان آسٹریلیا انگلینڈ کی فتوحات کے تسلسل کو توڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

رواں سال انگلینڈ میں ہونے والی پہلی ایشز سیریز میں انگلینڈ نے 3-0 کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کر کے آسٹریلیا کے ایشز سیریز کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی تھی۔

سیریز کے ایک بار پھر انگلش ٹیم کو ہی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے لیکن ہوم گراؤنڈ کے ایڈوانٹیج کی حامل آسٹریلین ٹیم شکستوں کے اس تسلسل کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔

پہلے ایشز ٹیسٹ میچ کے لیے آسٹریلوی پلیئنگ الیون ٹیم کا اعلان تاخیر کا شکار ہو گیا اور فائنل الیون کا اعلان جمعرات کو میچ شروع ہونے سے قبل کیا جائے گا۔

آسٹریلین سلیکٹرز پلیئنگ الیون سپنر نیتھن لیون اور آل راؤنڈر جیمز فالکنر کے درمیان سلیکشن پر ابہام کا شکار ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق متواتر ناکامیوں کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں فتح ہمارے لئے معنی خیز ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹیم کے چناؤ کے حوالے سے ان کی بات چیت جاری ہے اور مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ ساتھ مضبوط باؤلنگ اٹیک کا کمبی نیشن تیار کریں گے۔

سی اے سلیکشن حکام کے مطابق ہماری خواہش ہے کہ ٹیم پہلا ٹیسٹ جیت کر ناکامیوں کی روایت کو توڑنے کے ساتھ ساتھ دوبارہ فتوحات کی طرف گامزن ہو اور ایشز کا ٹائٹل اپنے نام کرے۔

مہمان انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک کا ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے پہلے میڈیا بریفنگ میں کہنا ہے کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا سے خوفزدہ نہیں، ہم صرف اور صرف ایشیز جیتنے کےلیے آسٹریلیا آئے ہیں اور ہم جیت کر جائیں گے۔

یہ میچ انگلینڈ مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن کے لیے خاص طور پر یادگار ہے کیونکہ یہ ان کے کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ ہو گا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے انگلینڈ کے دسویں کھلاڑی بن جائیں گے۔

33 سالہ پیٹرسن نے 2005 میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز سے ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور آسٹریلیا ہی کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کریں گے۔

وہ اب تک 99 ٹیسٹ میچز میں وہ 48.38 کی اوسط سے 7887 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 23 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں جہاں ان کا بہترین سکور 227 ہے۔

اپنے ایک بیان پیٹرسن نے کہا کہ یہ ایک یادگار موقع ہے، وہ 2016 تک کرکٹ کھیلنے کے خواہش مند ہیں تاہم یہ فٹنس پر منحصر ہے۔

ایشز سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شائقین کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، وہ اپنے 100 ویں ٹیسٹ کو یادگار بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں