2015 کی تہلکہ مچانے والی ایجادات

2015 کی تہلکہ مچانے والی ایجادات

سعدیہ امین اور فیصل ظفر


دنیائے ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی نمائش کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ایس ای) کا لاس ویگاس میں آغاز ہوگیا ہے جس میں انتہائی حیرت انگیز ڈیوائسز پیش کی گئی ہیں۔

ڈرونز سے لے کر کنیکٹڈ گاڑیاں، اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی سے روزمرہ کی زندگی کی ہر شے تک وہاں پیش کیے جانے والے آلات حیرت انگیز اور زبردست ہیں جن میں کچھ سب سے حیرت انگیز ڈیوائسز کے بارے میں جاننا آپ کے لیے دلچسپی کا باعث ثابت ہوگا۔

ہوا میں تیرتے اسپیکر

— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

کمپیوٹر اسپیکر تو آپ نے بہت دیکھیں ہوں گے ایسے نہیں جو ہوا میں تیرتے نظر آئیں مگر ایکسیز سی ای ایئر ٹو کی تو بات ہی الگ ہے۔ دیکھنے میں کسی کمپیوٹر ماﺅس کی طرح انتہائی خوبصورت اور ہوا میں معلق اسپیکر نے ایک طرح سے یہ میلہ لوٹ لیا ہے اور یہ بہت زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

یہ اسپیکر اپنی بیس سے کچھ اوپر لٹکے ہوتے ہیں اور یہ اس ایونٹ کے ایوارڈز کے لیے ہاٹ فیورٹ مانا جا رہا ہے تاہم یہ کب تک عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا اس بارے میں ابھی کوئی تاریخ سامنے نہیں آسکی ہے۔

اسمارٹ فون سے بھی کم چوڑا دنیا کا سب سے پتلا ٹیلیویژن متعارف

— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

سونی نے دنیا کا سب سے پتلا فور کے ٹیلیویژن متعارف کرادیا ہے۔ ایننڈرائیڈ سسٹم پر چلنے والا یہ براویا ایکس 90C صرف 4.9 ملی میٹر پتلا ہے یعنی ایک زیپریا زی تھری اسمارٹ فون سے بھی کم پتلا۔

یہ ٹی وی دیوار پر محض 4 سینٹی میٹر جگہ پر بھی فٹ کیا جاسکتا ہے اور اس کا فور کے پروسیسر ایکس ون نہ صرف تصویر کو انتہائی شفاف بناتا ہے بلکہ اس کے رنگ اور کنٹراسٹ سمیت ہر فیچر لوگوں کو حیران کردینے کے لیے کافی ہیں۔

سونی کے مطابق اس میں صارف انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوئے فلموں، موسیقی، تصاویر، گیمز، سرچ اور ٹی وی کے لیے اپلیکشنز بھی ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں۔ یہ ٹی وی آئندہ ماہ دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم ابھی تک اس کی قیمت سامنے نہیں آسکی ہے۔

ایک ارب سے زائد رنگ دکھانے والا ٹیلیویژن

— وکی پیڈیا فوٹو
— وکی پیڈیا فوٹو

اگر سونی نے دنیا کا سب سے پتلا ٹی وی متعارف کرایا ہے تو سام سنگ نے رنگوں کی تعداد کے حوالے سے کمال کر دکھایا ہے۔ سام سنگ نے ایس ایچ یو ڈی سیریز کا ایس نائن ڈبلیو ٹی وی اس ایونٹ میں متعارف کرایا ہے جو ٹائیزن او ایس سسٹم پر کام کرتا ہے اور ایک ارب سے زائد رنگوں کو دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ٹی وی کی بجائے کوئی سینما اسکرین لگتا ہے اور اس کی تصویر دیکھنے والوں کو دنگ کردینے کے لیے کافی ہے۔

دنیا کا سب سے پتلا ٹیبلیٹ

— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

ڈیل نے طویل انتظار کے بعد اپنا وینیو ایٹ 7000 ٹیبلیٹ متعارف کرادیا ہے اور ابھی مارکیٹ میں دستیاب سب سے بہترین ڈیزائن والے ٹیبلیٹس میں سے ایک ہے۔ چھ ملی میٹر موٹائی کے ساتھ اسے دنیا کے پتلے ترین ٹیبلیٹ کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے اور اس میں انٹیل کا پہلا ریئل سنس تھری ڈی کیمرہ بھی نصب ہے۔

اس کی اسکرین 8.4 انچ کی ہے اورسیلفی لورز کے لیے اس میں آٹھ میگا پکسلز کا عام کیمرہ بھی نصب ہے، جبکہ تھری ڈی کیمرہ صارف کو زیادہ تفصیلی تصاویر کھینچنے کا موقع فراہم کرے گا خاص طور پر تصویر لینے کے بعد ڈیل گیلری کا فیچر ان کو ایڈیٹ کرنے میں زیادہ بہتر فیچرز فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹیبلیٹ آئندہ ہفتے تک امریکا اور کینیڈا میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا جبکہ دیگر ممالک میں یہ رواں سال کسی وقت ریلیز کیا جائے گا۔

سونی واک مین

— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

واک مین نوے کی دہائی کی وہ مقبول ترین ڈیوائس ہے جو ہر ایک اپنے پاس رکھنا پسند کرتا تھا مگر آئی پوڈ نے اس کا مستقبل تباہ کردیا تھا مگر اب سونی نے اپنی اس آئیکون ڈیوائس کو ایک بار پھر اس عزم کے ساتھ متعارف کرایا ہے صارفین کو اسمارٹ فون کو چھوڑ کر اس میں موسیقی سننے پر مجبور کرے گی۔

اس کمپنی نے این ڈبلیو زی ایکس ٹو نامی واک مین متعارف کرایا ہے جس میں 128 جی بی میموری رکھی گئی ہے اور بیٹری ساٹھ گھنٹے تک بلاتعطل کام کرسکتی ہے تاہم اس کی قیمت 1443 ڈالرز رکھی گئی ہے۔ دیکھنے میں کسی اسمارٹ فون جیسا یہ واک مین سونی نے گانوں کو محفوظ رکھنے والی لائبریری قرار دیا ہے۔

اب آپ کا قلم بنائے ٹھوس اشیاء

— بشکریہ ہفنگٹن پوسٹ
— بشکریہ ہفنگٹن پوسٹ

کیا کبھی آپ کا دل کرتا ہے جو تصویر آپ بنائیں وہ حقیقی شکل اختیار کرجائے؟ اگر ہاں تو آپ کا یہ خواب اب پورا ہونے والا ہے۔ جی ہاں ووبل ورکس نامی ایسا تھری ڈی پرنٹنگ پین تیار کرلیا گیا ہے جو صارف کو ٹھوس پلاسٹک کی چیزیں ہوا میں ڈرائنگ کرتے ہوئے بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

تھری ڈوڈلر نامی یہ پین صارفین کو ہوا میں قلم ہلاتے ہوئے نت نئی چیزیں بنانے کا موقع دیتا ہے جو کہ پلاسٹک تھری ڈی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔ اس پین میں پلاسٹک فیلمینٹ نامی چیز بطور دوات استعمال کی جاتی ہے جو صارف کی ڈرائنگ کو تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے ٹھوس شکل دے دیتی ہیں۔

اس گاڑی کا کوئی جواب نہیں

— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

گاڑیاں تو آپ نے بہت دیکھی ہوں گی مگر مرسڈیز کی یہ کار اپنی مثال آپ ہے کیونکہ یہ آنے والے مستقبل کی وہ سواری ہے جو ہم لوگوں کے لیے متعارف کرادی گئی ہے۔ مرسڈیز بینز نے لاس ویگاس میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش کے موقع پر یہ حیرت انگیز گاڑی F015 پیش کی ہے جو بغیر ڈرائیور کے دوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سے پہلے گوگل بھی ایسی گاڑی تیار کرچکا ہے مگر خوبصورتی اور معیار کے لحاظ سے اس کا مرسڈیز کی کار سے کوئی مقابلہ نہیں۔

اس کی سب سے نمایاں چیز اس کی ایل ای ڈی فیلڈز ہیں جو ڈرائیونگ موڈ کے اعتبار سے گاڑی کے اگلے اور سائیڈ کے حصوں کا رنگ بدل دیتا ہے۔ یعنی اگر کوئی فرد خود اسے چلا رہا ہے تو یہ ایل ای ڈی روشنی سفید ہوگی جبکہ خودکار موڈ پر نیلی۔ یہ گاڑی ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور اسے فروخت کے لیے کچھ برسوں بعد پیش کیا جائے گا۔

ایک اور انوکھا اسمارٹ فون متعارف

— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

ایل جی نے اپنے خم کھائے موبائل جی فلیکس کے نئے ورژن کو متعارف کرا دیا ہے۔ ایل جی نے دنیا کا سب سے پہلا خم اسمارٹ فون 2013 کے آخر میں متعارف کرایا تھا اور اب اس کا نیا ورژن سامنے آیا ہے۔ یہ نیا ماڈل جی فلیکس کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا جس میں اپ لوڈ اور ڈاﺅن لوڈ کرنے کی رفتار بجلی کی طرح تیز ہوگی۔ اس موبائل کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس کی اسکرین زیادہ مضبوط اور اس میں کریکس پڑنے کا امکان کم ہوگا۔

دنیا کی سب سے بہترین واشنگ مشین

— بشکریہ ٹائم ڈاٹ کام
— بشکریہ ٹائم ڈاٹ کام

ایل جی نے ایسے دوہرے نظام والی واشنگ مشین متعارف کرائی ہے جو بیک وقت الگ الگ خانوں میں کپڑوں کے دو ڈھیر دھونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس مشین میں دو خانے رکھے گئے ہیں ایک تو وہی روایتی جو سامنے ہوتا ہے اور دوسرا نیچے کی جانب جو اوپر والے سے کچھ چھوٹا ہوتا ہے۔

ایل جی ٹربو واش ٹیکنالوجی کی بدولت ان دونوں خانوں میں بیک وقت کپڑے دھوئے جاسکتے ہیں اور جب چھوٹا خانہ استعمال نہ ہو رہا ہو تو یہ بڑے خانے کی چوکی کے طور پر کام کرتا ہے۔

انقلابی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر

— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

معروف کمپنی ایچ پی نے اس ایونٹ میں جو اپنا نیا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر متعارف کرایا وہ ایک بہت چھوٹا بلکہ جیب میں آجانے والا کمپیوٹر ہے جسے پویلین منی اور اسٹریم منی کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اپنی طرز کا پہلا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر ہے جسے آپ جیب میں رکھ کر کہیں بھی لے جاسکتے ہیں کسی اسمارٹ فون کی طرح کیونکہ اس کی گولائی محض 5.7 انچ اور موٹائی دو انچ ہے اور وزن بھی 725 گرام ہے۔

اس کمپیوٹر میں پانچ سو جی ہارڈ ڈسک اور چار جی بی ریم، دو یو ایس بی پورٹس اور دیگر عام پورٹس سب موجود ہیں۔ ایچ پی نے ابھی اس کی قیمت اور دستیابی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

ہاتھ میں آجانے والا ڈرون

— اے پی فوٹو
— اے پی فوٹو

ڈرونز کی تو اس نمائش میں بھرمار ہے مگر بغیر پائلٹ کے ان طیاروں میں جو سب سے منفرد نظر آتا ہے وہ زونو ڈرون ہے جو کسی بھی فرد کی ہتھیلی میں پورا آجاتا ہے۔ اس کواڈ کاپٹر طرز کے ڈرون کو آپ اپنے اسمارٹ فون سے کنٹرول کرسکتے ہیں اور اسے اب تک سب سے چھوٹا ڈرون قرار دیا جارہا ہے۔

جادوئی انگوٹھی

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

جادوئی چھڑی کے کمالات آپ نے فلموں میں تو دیکھیں ہوں گے مگر اب آپ کی انگلی بھی ویسا ہی کام کرنے لگے گی اور یہ ہوگا ایک انگوٹھی کے بدولت۔ لاگ بار نامی کمپنی نے ایسی انگوٹھی تیار کرلی ہے جس کو آپ اپنے ہاتھ میں پہن کر اپنے گھر میں متعدد ڈیوائس یا ایک موبائل کو اپنی انگلی کی حرکت سے کنٹرول کرسکیں گے۔

بس انگلی پر اسے پہن لیں اور وہ کسی جادوئی چھڑی کی طرح کام کرنے لگتی ہے۔ اگر موبائل پر کوئی ایس ایم ایس یا نوٹیفکیشن موصول ہو تو یہ انگوٹھی وائبریٹ ہوکر آپ کو مطلع کرتی ہے جبکہ آپ ہوا میں الفاظ لکھ کر ایس ایم ایس بھی بھیج سکتے ہیں اور ٹی وی کے لیے یہ ریموٹ کنٹرول کا کام کرتی ہے۔