بولی وڈ میں فواد خان کے چرچے

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2015
فواد خان — بشکریہ فیس بک فوٹو
فواد خان — بشکریہ فیس بک فوٹو

پاکستانی اسٹار فواد خان نے ٹی وی کی دنیا میں کئی سپرہٹ ڈراموں کے ذریعے دھوم مچانے کے بعد بڑی اسکرین میں "خوبصورت" کے ذریعے ڈیبیو کیا جو اوسط کامیابی ہی حاصل کرسکی مگر یہ پُرکشش اداکار فلمسازوں کی نظر میں ایسا بھایا کہ مسلسل بولی وڈ فلموں میں کاسٹ ہوتا چلا جارہا ہے۔

اگرچہ ابھی تک باضابطہ طور پر تصدیق تو نہیں کی جاسکتی مگر رپورٹس کا جائزہ لیا جائے تو فواد خان کو کم از کم پانچ فلموں میں کاسٹ کیا جاچکا ہے۔

بیٹل فار بٹورا

پاکستان کے ڈیشنگ ہیرو فواد خان اور سونم کپور ‘خوبصورت’ کے بعد ایک بار پھر پرستاروں کے دل جیتنے واپس آ رہے ہیں۔ شائقین اپنے پسندیدہ اداکاروں کی جوڑی کو 'بیٹل فار بٹورا' میں ایک بار پھر دیکھ سکیں گے، جس کی ہدایات ریہا کپور دے رہی ہیں۔ اس فلم میں 'خوبصورت' کی چلبلی اور نٹ کھٹ لڑکی ایک مختلف روپ میں نظر آئے گی۔

فواد خان اور سونم کپور — فائل فوٹو
فواد خان اور سونم کپور — فائل فوٹو

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم مصنف انوجا چوہان کی تصنیف 'بیٹل فار بٹورا' (بٹورا کی جنگ) پر بنائی جائے گی، انوجا سے اس کی تصنیف کے حقوق انیل کپور کی کمپنی نے خرید لیے ہیں۔ 'بیٹل فار بٹورا' عام انتخابات کے تناظر میں لکھی گئی دو پریمیوں جِنی اور ذین الطاف خان کی کہانی ہے۔

جنی (سونم کپور) ایک زندہ دل لڑکی ہے، وہ ایک اینیمیشن اسٹوڈیو میں ملازم ہے۔ ایک روز جنی کی دادی اسے فون کر کے کہتی ہے کہ وہ اپنی جائے پیدائش، بٹورا واپس آجائے اور لوک سبھا کے الیکشن میں حصہ لے۔ جنی دادی کی بات مان لیتی ہے، ذرا اندازہ لگائیے کہ عام انتخابات میں جنی کا مخالف امیدوار کون ہے؟ جی ہاں، خوبصورت اور وجیہہ ذین الطاف خان (فواد خان)۔

دونوں کے درمیان الیکشن جیتنے کی دوڑ شروع ہوجاتی ہے اور اس دوران پیش آنے والے معاملات کے نتیجے میں یہ حریف امیدوار ایک دوسرے کی محبت میں بھی گرفتار ہو جاتے ہیں۔

دھونی کی زندگی پر فلم

فواد خان اب ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں عالیہ بھٹ کے مدِمقابل اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

جان ابراہم، عالیہ بھٹ اور فواد خان — اے ایف پی فوٹو
جان ابراہم، عالیہ بھٹ اور فواد خان — اے ایف پی فوٹو

انڈین میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر نیرج پانڈے مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بنائے جانے والی فلم میں متعدد اہم ستاروں کو کاسٹ کر رہے ہیں جو انڈین ٹیم کے کرکٹرز کے روپ میں نظر آئیں گے۔

فلم میں دھونی کا کردار سوشانت سنگھ راجپوت ادا کریں گے جبکہ تیلگو سپر اسٹار رام چرن تیجا ممکنہ طور پر سریش رائنا کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اسی طرح عالیہ بھٹ دھونی کی بیوی ساکشی سنگھ دھونی کے روپ میں نظر آئیں گی جبکہ جان ابراہم کے حصے میں فاسٹ باؤلر ایشانت شرما اور فواد خان ویرات کوہلی بنیں گے۔

سیف علی خان کے ساتھ بغیر ٹائٹل فلم

سیف علی خان، جیکولین فرنینڈس اور فواد خان — اے ایف پی فوٹو
سیف علی خان، جیکولین فرنینڈس اور فواد خان — اے ایف پی فوٹو

فواد خان کے لیے ایک اور بڑی فلم کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں جو معروف ڈائریکٹر سجوئے گھوش بنارہے ہیں، سجوئے گھوش کی اس فلم میں فواد کو سیف علی خان کے ساتھ کاسٹ کیا جارہا ہے۔

فلم میں فواد خان پولیس والے بنیں گے جبکہ سیف علی خان کے ساتھ جیکولین فرنینڈس بھی ہوں گی۔

ساحر لدھیانوی اور امرتا پریتم پر بننے والی فلم

یہ خبریں بھی گرم ہیں کہ فواد خان کو مشہور شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی پر بننے والی فلم میں اہم کردار کے لیے منتخب کیا جارہا ہے۔ ہیروئن کے کردار میں سوناکشی سنہا ہوں گی۔

انڈین میڈیا کے مطابق فلم میں امرتا پریتم کے کردار کے لیے سوناکشی سنہا کو چن لیا گیا ہے۔ فواد خان ان کے شوہر امروز بنیں گے جن کے ساتھ مشہور مصنفہ نے اپنی زندگی کے چالیس برس گزارے۔ فلم میں ساحرلدھیانوی کا کردار کون نبھائے گا اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

میڈم جی

یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ یہ پُرکشش اداکار بہت جلد فلم "میڈم جی" میں پریانکا چوپڑا کے مدمقابل نظر آسکتے ہیں۔ یہ فلم معروف فلم ساز مدھر بھنڈارکر کی ہے جس کی کہانی ایک آئٹم گرل کے سیاستدان بن جانے کے گرد گھومتی ہے۔

فواد خان اور پریانکا چوپڑا— آن لائن فوٹو
فواد خان اور پریانکا چوپڑا— آن لائن فوٹو

اگرچہ ابھی اس فلم کی کاسٹنگ کے حوالے سے فلم ساز یا اداکاروں کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی مگر فواد خان اور پریانکا چوپڑا کی جوڑی کی خبریں گرم ہیں اور پرستار اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں