رمیز کا وہاب کو کپتان بنانے کا مشورہ

22 مارچ 2015
وہاب ریاض آسٹریلین کھلاڑی شین واٹسن کی جانب بوسہ اچھالتے ہوئے — اے پی فوٹو
وہاب ریاض آسٹریلین کھلاڑی شین واٹسن کی جانب بوسہ اچھالتے ہوئے — اے پی فوٹو

سابق کپتان رمیز راجا نے فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کو ون ڈے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا کپتان بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ورلڈکپ کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض کی باﺅلنگ دیکھ کر وہ قائل ہوگئے ہیں کہ فاسٹ باﺅلر جارحانہ انداز، جوش اور جذبات کے ساتھ اچھے کپتان بن سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے ون ڈے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور رمیز راجا نے قومی سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوانوں کو اس ذمہ داری کے لیے آگے لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کا جوش و جذبہ پاکستان کرکٹ کو ٹریک پر لانے کے لیے کافی ثابت ہوگا۔

ان کے بقول پاکستان کرکٹ جذبے، جوش اور ناقابل پیشگوئی رویے پر مشتمل ہے جو اسے پرستاروں کے لیے دل پسند بناتی ہے مگر ورلڈکپ میں ٹیم میں جارحیت کی کمی نظرآئی جس نے مجھے مایوس کیا۔

خیال رہے کہ وہاب ریاض نے ورلڈکپ کے سات میچز میں سولہ وکٹیں 23 کی اوسط کے ساتھ لے کر ٹاپ فائیو باﺅلرز میں جگہ بنائی تھی، خاص طور پر کوارٹر فائنل میں ان کی باﺅلنگ کی تعریف ہر ایک نے کی۔

رمیز راجا کا ماننا ہے کہ یہ درست وقت ہے کہ پاکستان وہاب کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی کے لیے منتخب کرلے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Mar 23, 2015 03:47am
رمیز راجہ کو رائے کا حق. حاصل ھے لیکن ایسا بھی نہیں کہ ھرکوئی ان سے اتفاق کریں یہ درست ھے کہ وہاب اچھا باؤلر ھے لیکن ایک میچ کی وجہ سے کپتانی دینا صحیح نہیں انکی ابھی بہت کرکٹ باقی ھے کپتان کیلئے دوسرے کھلاڑی موجود ھیں 2007 کی طرح ٹیم میں یک دم تبدیلوں کی ضرورت نہیں آفریدی اور مصباح کی جگہ بہترین اور نوجوان کھلاڑی منتخب کئے جائیں باقی ٹیم درست ھے نئے سرے سے ٹیم بنانے کی جلدی نہیں ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی توقات سے بہتر تھی ماہرین اس بات کو بول جاتے ھیں کہ ملکی حالات کی وجہ سے کوئی باہر کی ٹیم پاکستان گزشتہ 11/12 سالوں نہیں ارہی جسکی سے وجہ سے کھلاڑیوں میں تجربہ اور جزبہ کی کمی رہ جاتی ھے جب غیرملکی ٹیم یہاں نہیں اتی کرکٹ کا یہی حال ھوگا ملکی کی امن وامان کی صورتحال بہتر کرنے کی ضرورت ھے عمرگل سعید جنید کے انے سے ٹیم کی باؤلنگ بہترین ھوجائیگی ٹیم میں دو اچھے بیٹسمین اور ایک دو اچھے الراؤنڈر کی شدید ضرورت ھے جو مصباح اور آفریدی کی کمی پوری کرسکے باقی اللّہ خیر کریگا