اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری رینجرز آپریشن کا مقصد کسی سیاسی تنظیم کو دیوار سے لگانا نہیں۔

انہوں نے یہ بات منگل کو متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں صوبہ سندھ بالخصوص کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال اور کراچی آپریشن پر گفتگو ہوئی۔

ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی، بیرسٹر سیف علی خان اور کنور نوید جمیل شامل تھے۔

چوہدری نثار کراچی میں سندھ رینجرزکی کارروائیوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق قرار دیا۔

’آپریشن خالصتاً جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے جس کا مقصد شہرِ قائد کو پرامن اور جرائم سے پاک کرنا ہے‘۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کراچی میں امن سب کی مشترکہ ذمہ داری اور ملکی مفاد میں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جماعت کے جائز تحفظات کو دورکرنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔

’تاہم ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں اس آپریشن میں رینجرز کا بھرپور ساتھ دیں‘۔

وفد نے بتایا کہ وہ آپریشن کے حق میں ہیں مگر آپریشن کے لبادے میں ایم کیو ایم سے زیادتی ہو رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں