بلدیاتی الیکشن: 'سندھ میں 80 فوجی تعینات کیے جائیں'

خیرپور کے 2علاقوں کنگری اور نارا میں تعیناتی کی درخؤاست کی گئی ہے ... فائل فوٹو: آئی این پی
خیرپور کے 2علاقوں کنگری اور نارا میں تعیناتی کی درخؤاست کی گئی ہے ... فائل فوٹو: آئی این پی

کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں صوبائی حکومت 8 اضلاع میں سے صرف ایک ضلع کے 2 علاقوں میں فوج کی تعیناتی کی خواہاں ہے۔

سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے موقع پر خیر پور ڈسٹرکٹ کے دو علاقوں میں حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی جائے۔

حکومت سندھ کے مطابق کنگری اور نارا کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ 80 فوجی اہلکار تعینات کیے جائیں۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 31 اکتوبر کو سندھ کے جن 8 اضلاع میں الیکشن منعقد ہو رہے ہیں، ان میں خیر پور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، جیکب آباد اور کشمور شامل ہیں۔

ان 8 اضلاع میں 31 ہزار پولیس اہلکار جبکہ 2219 رینجرز اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

خیر پور کے تعلقہ کنگری اور نارا کی حساسیت کے پیش نظر الیکشن کمیشن سے کہا گیا ہے کہ ان دونوں مقامات پر پولنگ اسٹیشنوں پر فوجی دستے بھی تعینات کیے جائیں۔

ان دونوں علاقوں میں 700 رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ خیر پور میں 328 پولنگ اسٹیشن حساس اور 350 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔


بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت بڑھانے کا فیصلہ


دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں 31 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا وقت صبح 7:30 سےشام 5:30 تک مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پہلے پولنگ کادورانیہ صبح 8 سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا تھا۔

ایک گھنٹے کے اضافے کے بعد پولنگ کا دورانیہ 9 گھنٹے سے بڑھ کر 10 گھنٹے ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پولنگ کا وقت بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو سہولت مہیا کرنے اور ٹرن آوٹ بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں