'جذبات مجروح کرنے پر' عامر خان اور اہلیہ پر مقدمہ

اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2015
بولی وڈ اداکار عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
بولی وڈ اداکار عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

مظفرپور: بولی وڈ اسٹار عامر خان کے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت پر دیئے گئے بیان کے بعد اداکار اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کے خلاف عدالتی احکامات پر ایف آئی آر درج کردی گئی.

ایسی ہی ایک ایف آئی آر عامر خان کے خلاف نئی دہلی میں درج کی جاچکی ہے.

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف ایف آئی آر ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے مظفرپور کے ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کروائی.

مذکورہ ایف آئی آر کی ہدایات ریاست بہار کے ضلع مظفرپور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سشما تری وندی نے ایڈووکیٹ اوجھا کی جانب سے درج کی گئی شکایت کے بعد دی، جس میں اوجھا کا دعویٰ تھا کہ اداکار نے لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا اور جس کی وجہ سے ملک میں ایک عدم برداشت کی فضا پھیل گئی.

مزید پڑھیں:عامر خان کو تھپڑ مارو، انعام حاصل کرو: شیو سینا

یاد رہے کہ عامر خان نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے موقع پر کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ نے بچوں کی حفاظت کے لیے انہیں ملک چھوڑنے کی تجویز دی جو ان کے لیے 'انتہائی تشویشناک' لمحہ تھا۔

اداکار کا کہنا تھا، "اس ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہم اخبارات میں وہ سب کچھ پڑھتے ہیں جو ہندوستان میں ہورہا ہے، میں اس بات سے انکار نہیں کرسکتا، میں بہت سے واقعات کی وجہ سے تشویش زدہ ہوں".

بولی وڈ فلم اسٹار عامر خان پر ہندوستان میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بیان کے بعد شدید تنقید کی گئی، جبکہ ہندو تنظیم شیو سینا نے اعلان کیا تھا کہ جو بھی شخص بولی وڈ اداکار عامر خان کو تھپٹر مارے گا، اسے ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں