کنہیا کمار پر پولیس حراست میں تشدد کا اعتراف

اپ ڈیٹ 23 فروری 2016
کنہیا کمار کو سخت سیکیورٹی میں جیل منتقل کیا گیا—۔فوٹو/ بشکریہ انڈیا ٹوڈے
کنہیا کمار کو سخت سیکیورٹی میں جیل منتقل کیا گیا—۔فوٹو/ بشکریہ انڈیا ٹوڈے

نئی دہلی: ہندوستان کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی طلبہ تنظیم کے گرفتار رہنما کنہیا کمار پر گذشتہ ہفتے عدالت میں پیشی کے موقع پر حملہ کرنے والے وکلاء نے اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے پولیس کی حراست میں کمار پر 3 گھنٹے تک تشدد کیا.

32 سالہ طالب علم رہنما کنہیا کمار پر الزام ہے کہ انھوں نے کشمیری رہنما افضل گورو کی پھانسی کی برسی کے موقع پر ایک ریلی کا انعقاد کیا تھا اور اس موقع پر 'ہندوستان مخالف' نعرے لگائے تھے، تاہم کمار نے ان الزامات کی تردید کردی تھی.

گذشتہ ہفتے عدالت میں پیشی کے موقع پر کنہیا پر تشدد کے الزام میں 3 وکلاء کو گرفتار کیا گیا، جو بعد ازاں ضمانت پر رہا ہوگئے.

مزید پڑھیں:افضل گورو کے حق میں پروگرام پر طالبعلم رہنما گرفتار

انڈیا ٹوڈے کی جانب سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں ان ہی وکلاء میں سے ایک وکیل وکرم سنگھ چوہان کو اس بات کا اعتراف کرتے دیکھا جاسکتا ہے کہ انھوں نے پولیس حراست میں کنہیا کو تشدد کا نشانہ بنایا.

چوہان کا کہنا تھا، 'ہم نے اسے (کنہیا) کو اُس وقت تک مارا پیٹا جب تک اس نے 'بھارت ماتا کی جے' کا نعرہ نہیں لگادیا'.

اسی ویڈیو میں ایک دوسرے وکیل یشپال سنگھ کو یہ دعویٰ کرتے دکھایا گیا ہے کہ 'وہ کنہیا کو نہیں چھوڑیں گے چاہے ان پر قتل کا مقدمہ ہی کیوں نہ ہوجائے'.

یہ بھی پڑھیں:ہندوستان : 18 بڑی جامعات میں طلبہ کا احتجاج

یشپال کا کہنا تھا، '(اگلی پیشی پر) میں اپنے ساتھ پیٹرول بم لے کر آؤں گا'، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ ضمانت نہیں کروائیں گے، بلکہ جیل جائیں گے تاکہ کنہیا کی اُس کے سیل میں پٹائی کرسکیں'.

ویڈیو میں موجود ضمانت پر رہا تیسرے وکیل اوم شرما نے بھی اعتراف کیا، 'ہم نے صحافیوں کو مارا، ہم نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے پروفیسرز کو مارا.'

سنگھ نے اعتراف کیا کہ جب کنہیا پر حملہ کیا گیا تو 'پولیس انھیں مکمل طور پر سپورٹ کر رہی تھی'.

مذکورہ وکیل نے زور دیا، 'مجھے صرف اتنا معلوم ہے کہ اگر آپ اس ملک میں رہتے ہیں تو آپ کو اس کی حمایت میں ہی بات کرنی ہوگی'.

یہ بھی پڑھیں:کنہیا کمار، افضل گورو کے ہی سیل میں قید

افضل گورو پر پروگرام منعقد کرنے والے کنہیا کمار کو تہاڑ جیل کے سیل نمبر 3 میں رکھا گیا ہے، جہاں افضل گورو کو قید کیا گیا تھا، کنہیا کو 2 ہفتے تک تنہا رکھا جائے گا اور ان کی اس حوالے سے بھی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی کہ وہ خودکشی کی کوشش نہ کریں.

کنہیا کمار کو 2 مارچ تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں