پاکستان سے 'احترام پر مبنی تعلقات' چاہتے ہیں، ہندوستانی صدر

اپ ڈیٹ 24 فروری 2016
ہندوستانی صدر پرناب مکھرجی — فائل فوٹو
ہندوستانی صدر پرناب مکھرجی — فائل فوٹو

نئی دہلی: ہندوستان کے صدر پرناب مکھرجی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پاکستان سے 'باہمی احترام پر مبنی تعلقات' چاہتے ہیں۔

صدر پرناب مکھرجی نے ہندوستان کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس سے خطاب کے دوران مذکورہ پالیسی بیان جاری کیا۔

ہندوستان کی حکومت نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پاکستان کی جانب سے ہونے والی پیش رفت کی رپورٹس پر بظاہر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ بیان کو آئندہ ماہ واشنگٹن میں ہونے والے جوہری سیکیورٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر پاک-ہند وزرائے اعظم کی ممکنہ ملاقات کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے.

ہندوستانی صدر نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ "باہمی احترام پر مبنی تعلقات" قائم کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے مشترکہ ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پرناب مکھرجی نے اراکین پارلیمنٹ پر باہمی تعاون اور جذبے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر بھی زور دیا۔

ہندوستانی حکومت کی جانب سے ملک کی سلامتی سے متعلق تمام چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر پرناب مکھرجی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے دنیا کو انسداد دہشت گردی کے اقدامات اٹھانا ضروری ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 'میں پٹھان کوٹ حملہ ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سرحد پار دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پر قسم کے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے'۔

یہ خبر 24 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

solani Feb 24, 2016 09:03pm
Samaj samaj kay samajna bhi ek samaj hae. Der aae durust aae.