’آفر ملی تو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کروں گا‘

10 مارچ 2016
فوٹو بشکریہ — انڈین ایکسپریس
فوٹو بشکریہ — انڈین ایکسپریس

بولی وڈ اداکار ارجن کپور 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل پروڈیوسر اور ہدایت کار کرن جوہر نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی کامیاب فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کا سیکوئل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی کاسٹ کا اعلان وہ 2 ماہ بعد کریں گے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ارجن کپور سے ایک ایونٹ کے دوران سوال کیا گیا کہ کیا وہ اس فلم کے سیکوئل میں کام کرنا چاہیں گے جس پر انھوں نے فوری حامی بھرلی۔

مزید پڑھیں: ارجن کی سرخ رنگ کی ہیلز

ارجن کا کہنا تھا ’اگر فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر مجھے سیکوئل میں کردار آفر کریں گے اور اگر میں اس کے ساتھ انصاف کر سکا تو میں ضرور کام کروں گا‘۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک ایوارڈ شو کے دوران ارجن سے جب یہی سوال کیا گیا تھا تو ان کا جواب تھا کہ وہ خود کو کالج سٹوڈنٹ کے طور پر نہیں دیکھتے۔

تاہم ارجن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ ایک 'جذباتی جواب' تھا۔

ارجن کا مزید کہنا تھا ’میں اپنی آنے والی فلم 'ہاف گرل فرینڈ' میں بھی ایک کالج کے طالب علم کا کردار کر رہا ہوں، تاہم 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' میں اس سے زیادہ نوجوانی کے دنوں کی منظر کشی کی جائے گی‘۔

ارجن کپور اس وقت اپنی فلم ’کی اینڈ کا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ ایک گھریلو شوہر کے روپ میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فلرٹ کرنا میری فطرت ہے، ارجن کپور

ارجن کا فلموں کے متعلق مزید کہنا تھا ’ہر فلم میں ہمیں کچھ مختلف انداز سے کام کرنا پڑتا ہے، اگر کرن جوہر مجھے 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کی پیشکش کریں گے تو میں اس میں ضرور کام کروں گا‘۔

یاد رہے کہ 2012 کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں ورن دھون، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے ایک ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔

ارجن کی فلم ’کی اینڈ کا‘ میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

آر بالکی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’کی اینڈ کا‘ رواں سال یکم اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں