سنگاپور: ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران طیارے میں آگ لگ گئی

27 جون 2016
طیارے کے پَرسے آگ کے شعلے نکلتے ہوئے نظر آرہے ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی
طیارے کے پَرسے آگ کے شعلے نکلتے ہوئے نظر آرہے ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی

سنگاپور: سنگاپور ایئر لائنز کے ایک طیارے میں ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی تاہم حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایئر لائن کا طیارہ سنگاپور سے میلان جارہا تھا کہ اس دوران انجن میں تیل لیک ہونے کی وجہ سے طیارے کو ہنگامی طور پر واپس سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس کے دوران آگ لگ گئی۔

سنگاپور ایئرلائن کے طیارے کا تباہ شدہ پَر—۔ فوٹو/ اے پی
سنگاپور ایئرلائن کے طیارے کا تباہ شدہ پَر—۔ فوٹو/ اے پی

سنگاپور ایئر لائنز کے حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹ SQ368 کے انجن میں آئل لیک ہونے کی وارننگ ملی تھی جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر واپس سنگاپور کے چانگی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کروانے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً 6 بچے چانگی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارے کے دائیں انجن میں آگ لگی۔

فائر فائٹرز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھا دی، طیارے میں 222 مسافر اور عملے کے 19 افراد سوار تھے، تاہم کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

سنگاپور ایئر لائنز حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ایک دن بعد دوسرے طیارے کے ذریعے میلان بھیجا جائے گا اور وہ اس حادثے کی تحقیقات کے لیے حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

تباہ شدہ طیارہ چانگی ایئرپورٹ کے رن وے پر کھڑا ہے—۔ فوٹو/ اے پی
تباہ شدہ طیارہ چانگی ایئرپورٹ کے رن وے پر کھڑا ہے—۔ فوٹو/ اے پی

ایک مسافر لی بی یی نے طیارے کی کھڑکی سے انجن میں آگ لگنے کی 49 سیکنڈز کی ویڈیو بنائی اور اس لمحے کو‘ موت کے قریب’ قرار دیا۔

انہوں نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر وہ ویڈیو پوسٹ بھی کردی اور لکھا کہ ’میں ابھی ابھی مرنے سے بچ گیا'۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ سنگاپور ایئرلائن کو 3 گھنٹے سے آئل لیک ہونے کے بعد واپس چانگی ایئر پورٹ پر تارا گیا اور لینڈنگ کے دوران انجن میں آگ لگ گئی۔

لی بی یی نے مزید لکھا کہ '5 منٹ کے لیے میرا دل دہل گیا تھا، ہم آگ بجھانے والے عملے کا انتظار کرتے رہے، بعدازاں فائر فائٹرز فوری طورپر آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے۔'

دوسری جانب سنگاپور ایئرلائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ ایک گھنٹہ 45 منٹ تک ہوا میں پرواز کرتا رہا اور پھر فلائٹ کو واپس ملکی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں