اگر آپ اینڈرائیڈ فون استعمال کررہے ہیں تو آپ کے گوگل اکاﺅنٹ کو ایک نئے میل وئیر ' گولیگان' کے باعث شدید خطرات کا سامنا ہے۔

یہ میل وئیر اب تک دس لاکھ سے زائد اکاﺅنٹس کو متاثر کرچکا ہے اور روزانہ 13 ہزار ڈیوائسز اس کا نشانہ بن رہی ہیں۔

یہ بات سائبر سیکیورٹی کمپنی چیک پوائنٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی۔

یہ میل وئیر اگست میں سامنے آیا تھا جو کہ تھرڈ پارٹی اسٹورز سے ایپس ڈاﺅن لوڈ کرنے پر ڈیوائسز کو نشانہ بنا رہا تھا۔

اس وقت دنیا بھر میں لوگ اس کا نشانہ بن رہے ہیں اور یہ گوگل پلے، جی میل، گوگل ڈاکس، گوگل ڈرائیور اور دیگر تک رسائی حاصل کرکے صارفین کا ڈیٹا چرا لیتا ہے۔

یہ پروگرام صارف کے فون کی مخصوص ایپس میں انسٹال ہوجاتا ہے اور اس کا مقصد ان ایپس میں ایڈ وئیر انسٹال کرکے پیسے کمانا ہے اور اسے استعمال کرنے والا ایک شخص ماہانہ تین لاکھ 20 ہزار ڈالرز تک کما رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ایشیائی مالک میں ہی گوگل اکاﺅنٹس ہیک ہورہے ہیں جبکہ شمالی اور جنوبی امریکا میں 19 فیصد اور یورپ میں 9 فیصد افراد اس کا نشانہ بنے۔

یہ میل وئیر اینڈرائیڈ فور اور اینڈرائیڈ فائیو پر چلنے والی ڈیوائسز کو نشانہ بنارہا ہے۔

اپنی ڈیوائس کو اس سے بچانے کے لیے آپ کو صرف گوگل کے آفیشل پلے اسٹور سے ہی ایپس ڈاﺅن لوڈ کرنی چاہئے۔

گوگل نے بھی اس خطرے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے چیک پوائنٹ کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات اور صارفین کو تحفظ دینے کے لیے کام کررہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں