بولی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی اور پاکستانی اداکارہ عائشہ خان دونوں ہی کا شمار اپنے اپنے ممالک کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے، اور اب یہ دونوں ایک نہایت دلچسپ اشتہار میں اکھٹے ہوئے ہیں۔

نوازالدین صدیقی کو اپنی حال ہی میں ریلیز بولی وڈ فلم 'رئیس' کے لیے کافی مثبت ردعمل موصول ہوا، اور اب ہر برانڈ انہیں اپنے اشتہار میں شامل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یہ دونوں اداکار کین ووڈ برانڈ کے ایک اشتہار میں جلوہ گر ہوئے جس میں اس کمپنی کے اے سی کی تشہیر کی گئی، دونوں اداکار میاں بیوی کے طور پر نظر آئے۔

اشتہار میں دکھایا گیا کہ نوازالدین اور عائشہ ایک تقریب سے گھر واپس آئے ہیں، جب عائشہ نے ان سے ایک تقریب میں موجود ایک جوڑے کی تعریف کرتے ہوئے سوال کیا تو نواز نے کچھ ایسا کہا جو شاید انہیں اپنی اہلیہ کے سامنے نہیں کہنا چاہیے تھا، جس کے بعد انہیں اے سی کے ٹھنڈے کمرے میں بھی پسینے آنے لگے۔

اس اشتہار کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پاکستانی مرد حضرات اسے دیکھ کر ایسا ضرور سوچیں گے کہ وہ بھی اس صورتحال کا سامنا کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نوازالدین صدیقی پہلی مرتبہ کسی پاکستانی اشتہار میں کاسٹ ہوئے ہیں، جس کی شوٹنگ دبئی میں کی گئی، اس اشتہار میں عائشہ خان اور نوازالدین ایک ساتھ نہایت اچھے نظر آئے اور امید ہے کہ یہ دونوں مستقبل میں بھی ایک ساتھ کسی پروجیکٹ پر کام کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad kashif munir bhatti Feb 03, 2017 07:39pm
the same nawaz ul din siddiqui has been giving statements against pakistan and now working with pakistani artist.