راولپنڈی: اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انھیں ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی پھر بلااشتعال فائرنگ

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران مبصرین کو بتایا گیا کہ بھارت نے 10، 13 اور 16 مئی کو ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس میں ایک شہری بھی ہلاک ہوا جبکہ دیگر 15 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ 'مبصرین کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے سبزکوٹ، باروہ، ٹنڈر اور کریلہ سیکٹرز پر پاکستانی دیہی علاقوں کو مختلف بور کی چھوٹی اور بڑی بندوقوں اور 122 ملی میٹر کے مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا'۔

مبصرین کو بتایا گیا کہ بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،13 شہری زخمی

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

پاک فوج نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں