عید الفطر کے 10 روایتی پکوان

عید الفطر جسے میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں مسلمان روایتی انداز سے منانا پسند کرتے ہیں۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر منائی جانے والی عید پر لوگ ایک دوسرے سے ملاقات کرکے خوشیاں شیئر کرتے ہیں اور اس موقع پر پکوان بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

یہاں ایسے ہی پکوانوں کا ذکر کیا گیا ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں عید الفطر کے روایتی پکوان سمجھے جاتے ہیں جن میں سے کچھ میٹھے جبکہ کچھ تیکھے یا نمکین ہوسکتے ہیں۔

لاسیدا اور تیگینی (Laasida and Tagine)

فوٹو بشکریہ Anthony Tong Lee / Flickr
فوٹو بشکریہ Anthony Tong Lee / Flickr

مراکش میں عید الفطر کا آغاز نماز کے بعد ناشتے میں لاسیدا کو کھا کر ہوتا ہے، یہ پکوان دیکھنے میں رائس پڈنگ سے ملتا جلتا ہے مگر اس میں مکھن، شہد اور گرما مصالحے شامل ہوتے ہیں، سادہ مگر میٹھے اس پکوان کو وہاں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے، اسی طرح شمالی افریقہ میں عید پر جو پکوان سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے وہ تیگینی ہے جو چکن سے تیار کیا جاتا ہے، تاہم کچھ لوگ اسے بکرے کے گوشت سے بھی تیار کرتے ہیں جس میں خشک میوہ جات کو بھرا جاتا ہے۔

برصغیر کا شیر خرما

فوٹو شکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو شکریہ وکی میڈیا کامنز

اب یہ تو بتانے کی ضرورت نہیں کہ برصغیر (پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش) میں سویوں اور دودھ کے امتزاج بنے اس پکوان کو کتنا پسند کیا جاتا ہے، جن کو اکثر باداموں اور چھواروں سے بھی سجایا جاتا ہے۔ ویسے ان تینوں ممالک سے ہٹ کر بھی یہ دنیا بھر میں سب سے مقبول ترین عید کے پکوانوں میں سے ایک ہے۔

لاپیس لیگیٹ (Lapis Legit)، انڈونیشیا

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

اس ملک پر ڈچ سامراج کے اثرات میں سے ایک یہ پکوان بھی ہے، جو انتہائی لذیذ اور ایک ہزار لیئرز پر مشتمل کیک ہے، جسے رمضان کے اختتام پر عید کے موقع پر تیار کیا جاتا ہے، یہ پکوان انڈونیشیاءکے ساتھ ساتھ نیدرلیند میں بھی تاحال مقبول ہے، اس کی ہر لیئر کو مکھن سے تیار کیا جاتا ہے جبکہ دیگر متعدد اجزاءکا بھی استعمال ہوتا ہے۔

بولانی (Bolani)، افغانستان

فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

عید الفطر کا تہوار افغانستان میں بھی بھرپور جوش وخروش سے منایا جاتا ہے، خصوصاً بچے اس حوالے سے زیادہ پرجوش ہوتے ہیں، اس موقع پر جو پکوان زیادہ تر پکائے جاتے ہیں، ان میں سے ایک بولانی بھی ہے، یعنی ایسی روٹی جو یا تو سبز پتوں والی سبزیوں، جیسے پالک یا آلو اور کدو یا دال سے بھری جاتی ہے۔ یہ عید کے موقع پر محدود تیکھے پکوانوں میں سے ایک قرار دی جاسکتی ہے۔

بٹر کوکیز، فلسین، شام، لبنان، مصر اور عراق

فوٹو بشکریہ Michelle Sym / Flickr
فوٹو بشکریہ Michelle Sym / Flickr

فلسطین سمیت دیگر ممالک میں اس پکوان کو عید کے موقع پر بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے، فلسطین میں اسے graybeh کے نام سے جانا جاتا ہے جس کے بنانے کی ترکیب میں بادام یا کسی اور گری کا استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ شام اور لبنان میں سے mamoul کا نام دیا گیا ہے اور اس میں عام طور پر اخروٹ یا کھجور کو شامل کیا جاتا ہے۔ عراق میں اسے klaicha جبکہ مصر میں kahk کہا جاتا ہے، ان ممالک میں اس میں شہد کو بھرا جاتا ہے۔

بریانی، برطانیہ

شٹر اسٹاک فوٹو
شٹر اسٹاک فوٹو

جی ہاں واقعی، برطانیہ میں عید کے موقع پر جس کھانے کو سب سے زیادہ مقبول قرار دیا جاسکتا ہے، ان میں سے ایک بریانی ہی ہے، چکن سے لے کر بیف یا مٹن بریانی سب کو تیار کیا جاتا ہے۔ رائتے، سلاد اور اچار وغیرہ کے ساتھ پیش کیا جانے والا یہ پکوان پاکستان اور بھارت وغیرہ بھی میں ہر موقع پر ضرور تیار ہوتا ہے۔

رینڈانگ (Rendang)، ملائیشیاء

فوٹو بشکریہ Kyle Lam / Flickr
فوٹو بشکریہ Kyle Lam / Flickr

ملائیشیاءمیں عید الفطر کے موقع پر کئی روایتی پکوان تیار کیے جاتے ہیں، جن میں سب سے نمایاں یہ مصالحہ دار ناریل کا سالن یا رینڈانگ ہے، اس میں گائے کا گوشت زیادہ شوق سے ڈالا جاتا ہے، اس پکوان کو انڈونیشیاءمیں بھی پسند کیا جاتا ہے، جبکہ جہاں جہاں ملائے افراد مقیم ہیں، جیسے سنگاپور، برونائی، فلپائن وغیرہ میں بھی یہ بہت مقبول ہے۔

یو شیانگ (You Xiang)، چین

فوٹو بشکریہ پنٹریسٹ
فوٹو بشکریہ پنٹریسٹ

چین میں رہنے والے مسلمان عید کے موقع پر اکثر اپنے بزرگوں کے گھر جاتے ہیں اور گھر واپسی سے قبل اس پکوان کو کھاتے ہیں، اسے عام طور پر سوپ یا چاول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، یہ ایک سادہ اور آٹے سے بنا ہوا پکوان ہے جس کی تیاری اور استعمال کے حوالے سے کئی روایات بھی جڑی ہوئی ہیں۔

منتی (Manti)، روس

فوٹو بشکریہ Mandy / Flickr
فوٹو بشکریہ Mandy / Flickr

روس میں بھی عید الفطر کے موقع پر مزیدار پکوان تیار کیے جاتے ہیں، خاص طور پر یہ پکوان جسے بہت ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے۔ اس میں گائے یا بھیڑ کے گوشت کے پارچوں کو بھرا جاتا ہے اور کھٹاس ہوتی ہے، تاہم اس کو پکانے کی ترکیب ہر خطے میں مختلف ہوسکتی ہے اور آپ کو کبھی بھی کسی جگہ اس پکوان کا ذائقہ ایک جیسا نہیں لگے گا۔

اسیدا (Aseeda)، یمن

یمن کا یہ جیلی پر مبنی میٹھا سعودی عرب، سوڈان اور لیبیا میں بھی بہت شوق سے کھایا جاتا ہے، اس میں گندم اور شہد کا استعمال ہوتا ہے، اسے ابلنے کے بعد بہت تیزی سے کھایا جاتا ہے۔