اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں زیادہ تر دیسی کھانے ہی کھائے جاتے ہیں، مگر کبھی کبھار بیرونی کھانوں کو بھی آزمایا جاتا ہے۔

پاکستان میں زیادہ تر برصغیر، مشرق وسطیٰ، خلیجی ممالک یا پھر چینی اور جاپانی کھانے یورپی اور امریکی کھانوں سے زیادہ کھائے جاتے ہیں۔

تاہم کچھ یورپی کھانے ایسے بھی ہیں، جو اب پاکستان کے دیسی کھانوں کی حیثیت حاصل کر چکے ہیں۔

ایسے ہی کھانوں میں میکرونی بھی ہے، جو آج کل پاکستان بھر میں مختلف طریقوں اور کھانوں کے ساتھ بنائی جاتی ہے۔

کہاجاتا ہے کہ میکرونی اصل میں یورپی ملک اٹلی سے پوری دنیا میں پھیلی، جس طرح پاستا وہاں سے پھیلی۔

میکرونی کو مختلف دیسی کھانوں کے ساتھ بنانا بہت آسان ہے، لیکن زیادہ تر لوگ میکرونی کو قیمے یا مرغی کے ساتھ پکانا پسند کرتے ہیں۔

قیمہ میکرونی بنانا بہت آسان ہے۔

اجزاء

میکرونی 300 گرام (ایلبو ہو تو اچھا ہے)

قیمہ 200 گرام (ہاتھ سے بنا ہوا)

مکھن 3 کھانے کے چمچ

ہری پیاز 6 عدد کاٹ لیں

ہری مرچ 8 عدد کاٹ لیں

ٹماٹر 4 عدد کاٹ کر کچل لیں

ادرک اور لہسن حسب ذائقہ کچل لیں

کالی مرچ پاؤڈر 2 چائے کے چمچ

سرخ مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ

نمک حسب ذائقہ

چینی 2 چائے کے چمچ

پنیر 4 چائے کے چمچ

سرکہ 3 چائے کے چمچ

ترکیب

سب سے پہلے میکرونی کو الگ برتن میں پانی سے ابال کر ٹھنڈا کرنے رکھیں۔

علیحدہ برتن میں مکھن کے ساتھ قیمہ، پیاز، ادرک، لہسن، نمک، سرخ مرچ اور سیاہ مرچ بھن لیں۔

جب قیمہ بھن جائے تو اس میں ٹماٹر، سرکے اور چینی کی چٹنی بناکر اس میں ڈال دیں۔

جب قیمہ اور چٹنی مکس ہوجائیں تو اس میں میکرونی ڈال لیں، چاہیں تو تھوڑی دیر کے لیے پکائیں۔

آخر میں تیار قیمہ میکرونی میں پنیر مکس کریں، چاہیں تو مزید ادرک اور سلاد اس پر چھڑک کر نوش فرمائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں