پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز بھی مندی دیکھی گئی اور حصص مارکیٹ منگل کے منفی رجحان کو ریکور کرنے میں ناکام رہی۔

بدھ کے روز بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 328 پوائنٹس (0.74 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد انڈیکس 43 ہزار 792 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے آغاز میں مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا تاہم کچھ دیر بعد ہی مارکیٹ ایک بار پھر منفی زون میں آگئی اور سیاسی عدم استحکام کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 43 ہزار 27 پوائنٹس کی سطح پر بھی پہنچا۔

سب سے زیادہ کاروباری سرگرمی کمرشل بینکس کے سیکٹر میں دیکھی گئی جس میں تقریباً 3 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: غیر یقینی سیاسی صورتحال:اسٹاک مارکیٹ میں 2 ہزار پوائنٹس کی کمی

سینئر تجزیہ کار احسن محنتی نے کہا کہ ’پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سرمایہ کار کیس کے فیصلے کے منتظر ہیں، جس کے باعث تمام شعبوں کے شیئرز پر دباؤ نظر آرہا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ملک کے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے اور بیرونی کھاتے میں عدم توازن نے بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی میں اہم کردار ادا کیا۔‘

ہنڈریڈ انڈیکس میں بدھ کے روز 12 کروڑ 67 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت تقریباً 10 ارب 5 کروڑ روپے رہی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایکس میں تیزی، 100انڈیکس میں ہزار پوائنٹس کااضافہ

مجموعی طور پر 346 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 141 کی قیمتوں میں اضافہ، 192 کی قیمتوں میں کمی اور 13 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں